امریکہ: صحافی نے ریڈیو شو کی میزبانی کے دوران بچے کو جنم دیدیا
واشنگٹن (اے این این)امریکہ میں ایک ریڈیو پروگرام کی میزبان نے اپنے شو کے دوران بچے کو جنم دے دیا۔ امریکی شہر سینٹ لوئس میں ریڈیو سٹیشن دی آرچ میں میزبان کیسڈی پراکٹر نے گزشتہ روز اپنے سیزیریئن آپریشن کے دوران شو کی میزبانی کی۔ان کے ریڈیو سٹیشن نے پہلے سے ہی ہسپتال کے ساتھ مل کر ان کے آپریشن کے دوران نشریات کے انتظامات کر رکھے تھے۔کیسڈی پراکٹر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کرنے کا یہ اچانک موقع بن گیا لیکن بچے کی پیدائش وقت سے دو ہفتے قبل ہو گئی۔انھوں نے کہا کہ اپنی زندگی کے اس انتہائی اہم دن کو اپنے سامعین کے ساتھ شیئر کرنا انتہائی اچھا لگا۔انھوں نے کہا کہ شو کے دوران جنم دینا میرے عمومی شو کی طرح ہی تھا کیونکہ میں اپنے شو میں اپنی زندگی کے تمام عناصر کو اپنے سامعین کے ساتھ شیئر کرتی ہوں۔ پیدائش کے وقت بچے کا وزن سات پائونڈ چھ اونس تھا اور اس کا نام جیمسن رکھا گیا ہے۔ بچے کا نام شو کے سامعین نے جنوری میں ایک مقابلے کے بعد چنا تھا۔