نواز شریف کی نااہلی سے مسلم لیگ (ن) نہیں ملک کمزور ہو گا: ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ نوازشریف کی نا اہلی کے فیصلے سے مسلم لیگ (ن) نہیں ملک کمزور ہو گا۔ پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی زنجیر نہ رہی، ایم کیوایم کے حصے بخرے ہورہے ہیں اور اب مسلم لیگ (ن) کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے جو جمہوریت اور وفاقیت کے لیے نیگ شگون نہیں۔ مرکزی دفتر راوی روڈ سے جاری اپنے ردعمل میں پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ جماعتیں جتنی بھی خراب کیوں نہ ہوں جمہوریت کے لیے ناگزیر ہوتی ہیں۔ پاکستان جیسے ملک میں جہاں بین الصوبائی اور وفاقیت کے مسائل ہوں وہاں سیاسی جماعتوں کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف دونوں کا استحکام جمہوریت کا استحکام ہے۔ ان حالات میں ملکی وفاقیت کے لیے ن لیگ اور تحریک انصاف کی اشد ضرورت ہے ۔ ٹو پارٹی سسٹم جمہوریت اور وفاقیت ہر دو لحاظ سے اکٹھا رہنا ضروری ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ پڑی پارٹیوں میں کسی ایک کا کمزور ہو نا جمہوریت اور وفاق کے لیے نقصان دہ ہے۔ علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا قانون اندھا ہو تا ہے مگر اسے اتنا بھی اندھا نہیں ہونا چاہیے کہ مسلم لیگ ن کے ترقیاتی کام اور بہتری نظر ہی نہ آئے۔ موجودہ حکومت نے لوڈشیڈنگ پر قابو پایا، سی پیک کا منصوبہ دیا انفراسٹرکچر کو بہتر کیا۔