سیالکوٹ: نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس انسپکٹر کو قتل کر دیا
سیالکوٹ(نامہ نگار) تھانہ سول لائن کے علاقہ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیس انسپکٹر کو قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ انسپکٹر حسن رضا پکا گڑھا کی مسجد میں نماز ادا کرکے واپس اپنے گھر جا رہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے انسپکٹر حسن رضا پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑدیا۔ بتایا گیا ہے کہ انسپکٹر حسن رضا ایس ایچ او تھانہ ظفر وال تھے اور کچھ عرصہ قبل کورس کیلئے سہالہ ٹرانسفر ہوئے تھے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے گولیاں انسپکٹر حسن رضا کی گردن پر لگیں۔ ذرائع کا کہنا ہے انسپکٹر حسن رضا کی دشمنی بھی تھی، تاہم تفتیش کے بعد ہی اصل حقائق منظر عام پر آئیں گے۔ انسپکٹر حسن رضا کے قتل کے بعد پولیس نے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کر لی اور ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔