عابد باکسر کی مقابلے میں ہلاکت کا خدشہ سسر کی درخواست پر ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے ‘آئی جی سے جواب مانگ لیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے عابد باکسر کے سسر کی طرف سے داماد کو مبینہ ممکنہ جعلی پولیس مقابلے میں مار دینے کے خدشے پر دائر درخواست پر ڈائریکٹر ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب سے26فروری کو جواب طلب کر لیا۔ جسٹس انوار الحق نے سماعت کی۔ عابد باکسر کے سسر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عابد باکسر کو دبئی پولیس نے انٹر پول کی مدد سے گرفتار کیا۔ پولیس کی جانب سے عابد باکسر کے حوالے سے خطرہ ہے کہیں اس کو پولیس مقابلہ میں نہ مار دیا جائے۔عابد باکسر کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں طلب کیا جائے۔ آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت عابد باکسر کو شفاف ٹرائل کا حق دیا جائے اور عدالت پولیس کو عابد باکسر کو ممکنہ پولیس مقابلہ میں مارنے سے روکنے کا حکم دے۔