• news

اسلام آباد: امریکی کانگریس کے وفد کی تحریک انصاف کے سینئر رہنمائوں سے ملاقات

اسلام آباد (این این آئی ) امریکی کانگرس کے اعلیٰ سطح وفد کی پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات‘ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات‘ امریکہ کی افغان پالیسی اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ ملاقات میں سینئر پارٹی رہنما اسد عمر، مرکزی سیکرٹری برائے خارجہ امور ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری موجود تھے۔ امریکی کانگرس کے وفد نے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی‘ اس موقع پر امریکہ کی افغان پالیسی بھی زیرغورآئی‘ باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور کے علاوہ علاقائی صورتحال اور پاکستان چین راہداری منصوبے پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔امریکہ کی طرف سے پاکستان کو فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس کی واچ لسٹ میں شامل کرنے کی کوششوں پر خصوصی گفتگو ۔ امریکی کانگرس کے وفد میں شامل خارجہ اور دفاع کمیٹیوں کے ممبران سے بات چیت کرتے تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں اور قربانیوں کا کھلے دل سے اعتراف امریکہ کے ذمے قرض ہے۔ پاکستان کے حوالے سے امریکی انتظامیہ کے بیانیے اور حکمت عملی پر نظر ثانی وقت کا تقاضا ہے۔تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کو پاکستان پر دباؤ آزمانے کی بجائے خطے کی سلامتی میں پاکستان کے کردار کو مثبت زاویے سے دیکھنا چاہیے۔اُن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام پاکستان کی اولین خواہش ہے جس کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر باہمی روابط میں تسلسل قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن