• news

نااہلی کافی نہیں، لوٹی دولت، چھپائے اثاثے واپس لانا ا صل ذمہ داری ہے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکمران جماعت نے آئین پاکستان اور آئین کے دیباچہ سے دیانت اور صداقت کو نکالا، چیف جسٹس نے آئین سے دوبارہ جوڑ کر تاریخی فیصلہ دیا، قانون کے طالبعلم کی حیثیت سے میں اس شاندار فیصلہ پر انہیں صد ہا مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نا اہلی کافی نہیں، لوٹی گئی قومی دولت اور لندن سمیت دنیا بھر میں چھپائے گئے ناجائز اثاثے واپس لانا احتساب اور انصاف کے اداروں کا اصل امتحان اور ذمہ داری ہے۔ نواز شریف کی کہانی ختم، اگلی باری سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتل شریف جونیئر کی ہے، ماڈل ٹائون میں بہنے والا معصوم خون انصاف کا منتظر ہے۔ غیر ملکی گواہوں کے بیانات نے نواز شریف کی جعل سازی پر مہر لگادی،گواہیاں دنیا کے چپے چپے سے آ رہی ہیں، وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے کور کمیٹی کے ممبران سے ٹیلیفون پر گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ غیر ملکی قوتوں نے چلے ہوئے نا اہل کارتوس کے سر سے اپنا ہاتھ اٹھا لیا،کوئی مہذب جمہوری ملک اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کے خلاف نہیں جا سکتا، عدلیہ کے فیصلے آئین اور قانون کے مطابق ہیں۔ نواز شریف کی کرپشن کا بیانیہ انکے گلے کا پھندا بن چکا۔ انہوں نے مزید کہاکہ نا اہل کی عدلیہ مخالف مہم پر پیمرا کا نوٹس نہ لینا قابل گرفت ہے۔ آئینی اداروں کو بدنام کرنیوالے نواز شریف کی میڈیا کوریج بین کیوں نہیں ہو رہی؟ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ بے گناہ کارکنوں کے قاتلوں کا عبرتناک انجام نوشتہ دیوار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن