پارلیمنٹ حملہ سمیت چار مقدمات میں عمران کی استثنی نمائندے کے ذریعے ٹرائل کی درخواست مسترد‘ پرسوں عدالت طلبی
اسلام آباد (آئی این پی+ صباح نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی حملہ سمیت چار مقدمات میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ اور نمائندے کے ذریعے ٹرائل کی درخواست مسترد کردی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کے خلاف چار مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت سابق ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کا کیس بھی شامل ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف ان کیسز میں پولیس کو بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں اور عدالت نے چاروں مقدمات میں انہیں ضمانت دے رکھی ہے۔ عمران خان نے گزشتہ روز اپنے وکیل بابر اعوان کے ذریعے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست میں عدالت سے نمائندے کے ذریعے ٹرائل کی استدعا کی اور موقف اختیار کیا کہ حاضری سے استثنیٰ دینا عدالت کا اختیار ہے۔ سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ ٹھوس وجوہات پر استثنیٰ مل سکتا ہے۔ اہم تاریخوں پر درخواست گزار عدالتی حکم پر پیش ہونے کے لئے تیار ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے درخواست پر سماعت کی اور عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کردی۔عدالت نے کہا کہ عمران خان کو 26 فروری کو طلب کررکھا ہے، اسی روز ہی اس درخواست پر کارروائی کی جائے گی۔
عمران/ درخواست