عمران تین شادیاں کریں یا چار، میرے اتنے تعلقات نہیں کہ مبارک دوں: سابق صدر
اسلام آباد (عترت جعفری) میرے عمران خان سے اتنے تعلقات نہیں کہ ان کو مبارکباد دوں۔ پی پی پی پی کے سربراہ آصف علی زرداری نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں متعدد بار دلچسپ پیرائے میں گفتگو کی۔ پریس کانفرنس میں سیکرٹری جنرل پی پی پی سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ آخری سوال پوچھ لیں جس پر ایک صحافی نے تین مختصر سوال کر دیئے جس میں سے آخری عمران خان کی تیسری شادی پر کوئی تبصرہ کر دیں، جس پر آصف علی زرداری نے مسکراتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی اپنی مرضی کہ تین شادیاں کریں یا چار، میرے اتنے تعلقات نہیں کہ ان کو مبارکباد دوں۔ آصف علی زرداری نے جس گھر میں پریس کانفرنس ہو رہی تھی اسے ”بلاول ہاﺅس“ کے نام سے یاد کیا۔ جس پر ایک صحافی نے تصحیح کی کہ زرداری ہاﺅس ہے، جس پر آصف علی زرداری نے کہا کہ ایک بیٹا باپ ہوتا ہے اس لئے اب یہ ”بلاول ہاﺅس“ اسلام آباد ہو گا۔ آصف علی زرداری نے پنجاب میں پولیس کے اثر و رسوخ کا بار بار ذکر کیا۔ انہوں نے کہا ان کو پولیس والے کہا کرتے تھے آپ اتنے چکر کیوں لگاتے ہیں دو تین ایم پی اے تو ہم دے سکتے ہیں۔ ایک صحافی نے ان سے سوال کیا بلاول بھٹو آپ (آصف زرداری) کے باعث بہت زیادہ کردار ادا نہیں کر پاتے جس پر آصف علی زرداری نے صحافی سے پوچھا کہ آپ کے بیٹے کی عمر کیا ہے؟ اس پر صحافی بولے کہ بارہ سال ہے مگر وہ مجھ سے بہت تیز ہے، جس پر آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ نے خود جواب دیدیا ہے۔ پریس کانفرنس میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پی پی پی کا منشور تیار ہے جس کا اعلان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
سابق صدر