چیئرمین نیب نے اسحاق ڈار کیخلاف ضمنی ریفرنس کی منظوری دیدی‘ پرسوں دائر ہو گا
اسلام آباد (صباح نیوز+ آن لائن) نیب نے سابق وزیر خزانہ کے خلاف ضمنی ریفرنس دائرکرنے کے لئے تین دن کی مہلت طلب کر لی جس پر عدالت نے کارروائی پیر تک ملتوی کردی ہے۔ جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس کی سماعت کی، اس موقع پر نیب کی جانب سے اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس دائرنہ کرایا جاسکا۔ نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے عدالت کو بتایا کہ ضمنی ریفرنس تیار ہے جس کی مجازاتھارٹی نے منظوری بھی دے دی ہے، مگر آج شریف فیملی کے خلاف ریفرنس کی سماعت کے باعث ضمنی ریفرنس دائر نہیں کرایا جاسکا، البتہ پیر کے روز ضمنی ریفرنس دائر کردیں گے۔دوران سماعت استغاثہ کے گواہ انعام الحق نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اگست2017ءمیں بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر الفلاح ہاﺅسنگ سوسائٹی تعینات تھے۔ انعام الحق نے اسحاق ڈار، ان کی اہلیہ تبسم اسحاق اور بیٹے علی ڈار کے پلاٹوں کی تفصیل عدالت میں پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار اور ان کی فیملی نے ہاﺅسنگ سوسائٹی میں 2.2کنال کے 3 پلاٹس حاصل کیے اور ہر پلاٹ کے عوض 23 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے گئے۔ دوسری جانب نیب نے تفتیشی افسر نادر عباس کا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے مہلت طلب کر لی۔ دوسری جانب چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی جس میں دس نئے گواہان شامل ہیں اور ضمنی ریفرنس پیر کے روز دائر کیا جائے گا جبکہ پہلے سے زیر سماعت عبوری ریفرنس میں تمام گواہان کے بیانات قلمبند کر لئے گئے ہیں۔
اسحاق ڈار