حکمرانوں کی ڈاﺅن سائزنگ شروع‘ لیگی امیدوار سینٹ الیکشن میں موجود پھر بھی واویلا ہو رہا ہے : زرداری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ صباح نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم چار سال سے حکومت سے کہہ رہے تھے آپ وزیر خارجہ لگائیں، تاہم انہوں نے ہماری نہیں سنی، اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ انڈیا پاکستان کیخلاف عالمی سازشیں کرنے لگا، ان چیزوں کا مقابلہ ہم نے اپنے دور میں کیا تھا، نریندرمودی کبھی آپ کا دوست نہیں بنے گا، نواز شریف کاروباری آدمی ہیں جو کمیشن لیے بغیر کوئی کام نہیں کرتے۔ پختونوں، بلوچوں کو ان کا شیئر نہیں دیا گیا، پنجاب میں بھی صرف لاہور کو دیا ہے جبکہ پنجاب کے بھی دیگر علاقے پستی کا شکار ہیں، نواز شریف کہتے ہیں کہ ان کو سینٹ سے نکال دیا گیا ہے، ان کو سینٹ سے نہیں نکالا گیا، ان کے امیدوار آزا د کر دیئے گئے ہیں، پنجاب کی بیوروکریسی میں سازش کے تحت بغاوت کروائی جا رہی ہے، ہم گریٹر پنجاب بنانے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ عالمی سطح پر ہمارے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں، ہم چار سال سے حکومت سے کہہ رہے تھے آپ وزیر خارجہ لگائیں، تاہم انہوں نے ہماری نہیں سنی، اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ انڈیا پاکستان عالمی سازشیں کرنے لگا، ان چیزوں کا مقابلہ ہم نے اپنے دور میں کیا تھا، ہمارا ہمسایہ بہت شاطر ہے، بھارت کی پوری توجہ پاکستان کو نقصان پہنچانے پر ہے، دشمن چاہتا ہے کہ پاکستان قائم و دائم نہ رہے، جس چیز کا ڈر تھا وہ ہی ہوا، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، بھارت کے مسلمان وہاں رہنے کے لیے تیار نہیں، آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کو یقین ہے کہ بھارت آپ کا دوست بن سکتا ہے؟ نریندر مودی کبھی آپ کا دوست نہیں بنے گا۔ سابق صدر نے کہا کہ جس چیز کا ڈر تھا وہی ہو رہا ہے، پنجاب میں منصوبے کے تحت بیوروکریسی میں بغاوت کروائی جا رہی ہے۔ بیوروکریسی میں تمام لوگ ان کے من پسند ہیں، ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے، یہ ریاست کے خلاف بھی بغاوت ہے، ان کو ڈر ہے چھوٹے میاں بھی گرگئے تو کیا بنے گا؟ ہم گریٹر پنجاب منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا ہم نے مشکل حالات کا سامنا کیا، ہم نے کبھی عدالتوں پر تنقید نہیں کی، ہم نے اداروں کو لڑانے کی کوشش نہیں کی، ادارے کمزور ہو جائیں تو ملک کمزور ہوجاتے ہیں، ہم نے آج تک کوئی غیر جمہوری عمل نہیں کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ نوازشریف سوائے کاروبار کے کوئی کام نہیں کرتے، میاں صاحب کمیشن کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے، انہوں نے پختونوں، بلوچوں کو ان کا شیئر نہیں دیا، صرف لاہور کو دیا ہے جبکہ پنجاب کے بھی دیگر علاقے پستی کا شکار ہیں، زرداری کا کہنا تھا کہ عالمی فورم پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے جس طرح پاکستان کا دفاع کیا میں بھی نہیں کرسکتا تھا۔ صباح نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف کو عدالتوں کے فیصلے ماننے چاہئیں، انہیں اداروں کا احترام کرنا پڑے گا، ملک میں عدم استحکام ہے جس کی وجہ سے بیرون ملک سرمایہ کار نہیں آ رہے۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا ہمیں اداروں کا احترام کرنا چاہیے، نواز شریف خود کہتے رہے ہیں کہ عدالتی فیصلے تسلیم کرنے چاہئیں لہٰذا نواز شریف کو بھی عدالتوں کے فیصلے ماننے چاہئیں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا گالی اور الزامات کی سیاست نہیں ہونی چاہیے جب کہ وہ نہیں سمجھتے کہ سینٹ کے الیکشن منسوخ ہوں گے۔ خورشید شاہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا حکومت نے پانچ سال میں 7ہزار ارب روپے قرضہ لیا ہے۔ ہم 21 ہزار ارب روپے کے مقروض ہیں، ملک کی معاشی حالت خراب ہے اور ہم قرضوں میں ڈوبے ہوئے ہیں، ہر پیدا ہونے والا بچہ بھی یہاں مقروض ہے۔
زرداری