;بھارتی جارحیت جاری‘ 19 سالہ نوجوان شہید‘ 6 ملکوں کے دفاعی اتاشیوں کا دورہ کنٹرول لائن
اسلام آباد+ سیالکوٹ+ شکرگڑھ(سٹاف رپورٹر+ نامہ نگاران) بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان شہید ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج نے بارڈر کے قریب تیتری کے علاقے میں بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک 19 سالہ نوجوان شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نوجوان کی شناخت انضمام امین کے نام سے ہوئی جو تیتری میں واقع کرش پلانٹ پر کام میں مصروف تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ پولیس تھانہ صدر شکرگڑھ نے بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجہ میں سردار علی کی شہادت پر اس کے بیٹے محمد عامر کی درخواست پر بی ایس ایف کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ بی ایس ایف کے خلاف زیر دفعہ 302 ت پ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گزشتہ مہینے ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی گولہ باری کے نتیجہ میں سردار احمد سمیت 5 افراد زخمی ہوئے تھے، موضع کرول کا رہائشی سردار احمد 16 جنوری کو اپنی حویلی میں جانوروں کو چارہ ڈالتے ہوئے گرنے والے مارٹر شیل کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گیا تھا، ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد 6فروری کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا تھا، جس کے بعد اس کے وارثوں نے بھارتی سکیورٹی فورسز کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا ۔ سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن پر 38روز قبل بھارتی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ وگولہ باری سے بارہ شہریوں کی شہادت اور دس شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعات کے بارہ مختلف مقدمات پولیس نے بھارتی سکیورٹی فورسز کے خلاف درج کرلئے ہیں۔ پولیس رپورٹس کے مطابق مقدمات بارہ شہید پاکستانیوں اور زخمی ہونے والے پاکستانیوں کے ورثاءکی درخواستوں پر بھارتی سکیورٹی فورسز کے خلاف درج کئے گئے ہیں۔ پولیس رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ 15اور 18جنوری کو سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن کے بجوات، باجڑہ گڑھی، ہرپال اور دیگر سیکٹروں پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا اور بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کی گئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق تھانہ کوٹلی سید امیر کے علاقہ چپراڑ میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری سے شہید ہونے والے 72سالہ محمد بشیر کے بیٹے محمد بوٹا کی رپورٹ پر مقدمہ درج کیا ہے۔ ماڈل تھانہ کینٹ پولیس نے عمران کے عزیزوں سخاوت اور عابد کو فائرنگ وگولہ باری سے شہید کرنے پر بھارتی سکیورٹی فورسز کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا۔ تھانہ پھوکلیان پولیس نے ناظم حسین کے عزیزوں نجب بی بی اور اڑھائی سالہ حسین عباس، بشیر حسین کے بھائی شبیر حسین کو شہید کرنے پر بی ایس ایف کے خلاف مقدمات درج کئے۔ تھانہ سبز پیر نے عمران کے عزیز عرفان، اشرف کے رشتہ دار وسیم اکرم، عبدالرشید کی عزیزہ عائشہ، عرفان کی کزن رشید، اسلم کی عزیزہ پروین کو فائرنگ اور گولہ باری سے شہید کرنے پر بھارتی سیکورٹی فورسز کے خلاف قتل کے علیحدہ علیحدہ دس مقدمات درج کئے ہیں۔ علاوہ ازیں تھانہ سبزپیر پولیس نے افضل کی رپورٹ پر رضوان، رشید اور شمیم بی بی وغیرہ کو زخمی کرنے اور ذاکر حسین اور ارسلان وغیرہ کو زخمی کرنے پر بھی بی ایس ایف کے خلاف اقدام قتل کے مقدمات رجسٹر کئے ہیں۔ دوسری جانب امریکہ، برطانیہ، چین، ترکی اور انڈونیشیا کے دفاعی اتاشیوں نے کنٹرول لائن کے راولا کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں نے لائن آف کنٹرول کے راولا کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا۔ دورہ کر نے والوں میں امریکہ، برطانیہ، چین، فرانس، ترکی اور انڈونیشیا کے دفاعی اتاشی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حکام نے دفاعی اتاشیوں کو بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی اور سیز فائر کی خلاف ورزی کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ بھارتی فوج شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے۔ دفاعی اتاشیوں نے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے متاثرین سے بات چیت کی اور ان سے بھارتی فائرنگ کے حوالے سے خود معلومات حاصل کیں۔بھارتی فوج کی تیسرے روز بھی لائن آف کنٹرول کے وادی لیپا سیکٹر کی سول آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری و فائرنگ ایک شخص زخمی چار رہائشی مکانات تباہ ہوگئے۔
بھارتی جارحیت
بھارتی جارحیت