معاشرے میں عدم برداشت اور منفی رویوں کا فروغ نہیں ہونا چاہیے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشرے میں عدم برداشت اور منفی رویوں کا فروغ نہیں ہونا چاہئے،ماضی پر رونے کی بجائے مستقبل پر نظر رکھنا ہو گی،عالمی سطح پر ملک کامثبت تشخص اجاگر کرنے میں فنکاروں کا کلیدی کردار ہوتا ہے، ماضی میں ہماری روشن روایات اور اقدار کو تنگ نظری سے تبدیل کرنے کا گھناﺅنا کھیل کھیلا گیا، ملک میں دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کا عالمی تشخص متاثر ہوا، محمد نواز شریف کے وژن کے تحت اٹھائے گئے اقدامات ،مسلح افواج اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی بے مثال قربانیوں سے ملک کا امن بحال ہوا، ملک میں امن کے باعث فلمی صنعت میں بھی بحالی کا عمل شروع ہونا خوش آئند ہے، فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے چین کےساتھ معاہدے کئے ہیں دونوں ممالک اپنی فلموں کا تبادلہ کرینگے اور نمائش کیلئے لگائیں گے۔ آئندہ تقریبات اردو زبان میں منعقد ہونی چاہئیں ،خبرکی دوڑ اور سنسنی خیزی کو ختم کرنا ہو گا۔وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے یہ بات ہفتہ کو پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے)میں قومی آرٹسٹ کنونشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب سے پی این سی اے کے ڈائریکٹرجنرل جمال شاہ نے بھی خطاب کیا۔
مریم اورنگزیب