کنٹرول لائن: بھارتی فائرنگ سے ایک اور شہری شہید، سیکٹر کمانڈرز کی ملاقات، پاکستان نے معاملہ اٹھایا، انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی
کوٹلی/ راولپنڈی/ پسرور+لاہور (اے این این + نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ +خصوصی رپورٹر) بھارت کی کنٹرول لائن سے ملحقہ نکیال سیکٹر میںپھر بلا اشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید‘ تین زخمی، پاک فوج کا منہ توڑ جواب دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج نے ایل او سی سے 1200 میٹرز دور تھرٹی نڑ گاﺅں کو نشانہ بنایا جس میں محمد فاروق نامی شہری شہید اور 3 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال نکیال منتقل کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی اس چوکی کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ کی جا رہی تھی جس کے بعد دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں۔ واقعہ کے بعد دونوں ممالک کے سیکٹرز کمانڈرز کی میٹنگ ہوئی۔ یہ اجلاس سچیت گڑھ سیکٹر میں ہوا۔ میٹنگ میں سرحدی حفاظتی فورس اور رینجرز کے وفود نے سرحدوں پر امن برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ بی ایس ایف کے 9رکنی وفد کی قیادت ڈی آئی جی بی ایس ایف جموں سیکٹر پی ایس دھیمان کررہے تھے جبکہ پاکستانی رینجرز کے 11افسران پر مشتمل وفد کی قیادت بریگیڈئر امجد حسین سیکٹر کمانڈر سیالکوٹ نے کی۔ بریگیڈئر کمانڈر امجد حسین نے بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ اور شہریوں کی شہادتوں کا معاملہ اٹھایا اور بھارتی حکام کو تحفظات سے آگاہ کیا۔ پاکستانی وفد نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003ءکے سیز فائر معاہدے پر عمل کرے اور سرحدی امن یقینی بنائے۔ پاکستانی وفد نے بھارتی حکام کو عوام ،حکومت اور عسکری سطح پر پائے جانے والے غم و غصے سے بھی آگاہ کیا۔ بھارتی وفد نے قیام امن کی یقین دھانی کرائی اور پاکستان رینجرز سے بھی تعاون کی درخواست کی ۔بی ایس ایف ترجمان کے مطابق یہ میٹنگ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ پاکستان نے ایل او سی پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ پر احتجاج کیا ہے۔ بھارتی ڈپٹی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترخارجہ میں طلب کرکے احتجاج کیا گیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ڈی جی ساﺅتھ ایشیا نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔ احتجاجی مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ایل او سی پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید اور تین زخمی ہوئے۔ بھارت رواں برس 370 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں میں 16 شہری شہید اور 66 زخمی ہوئے۔ بھارتی فوج کی جانب سے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی اقدار اور عالمی قوانین کے منافی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول نکیال سیکٹر میں بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے فائرنگ سے ایک شہری کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہید ہونیوالے شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
کنٹرول لائن/ فائرنگ