;عاصمہ جہانگیر گروپ کے انوارالحق پنوں 3648 ووٹ لے کر لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر منتخب
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ بارکے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر مرحومہ کے گروپ(انڈیپنڈنٹ گروپ) کے امیدوار انوار الحق پنوں3ہزار6سو48ووٹ لیکر ایک سال کےلئے صدر منتخب ہو گئے۔حامد خان کے پروفیشنل گروپ کے امیدوار چوہدری محمد شاہد بٹر2ہزار9سو49ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ ریفارمرز گروپ کے صدارتی امیدوار آذر لطیف خان نے 1164ووٹ حاصل کئے۔نائب صدر کی سیٹ پر چوہدری نورسمند خان2947ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ ان کے مد مقابل امیدواروں میں مسعود گجر1726،شائستہ قیصر1583جبکہ راشدعلی وینس1469ووٹ حاصل کر سکے۔سیکرٹری کے لئے دو امیدواروں حسن اقبال وڑائچ اور فیاض احمد رانجھا کے درمیان مقابلہ ہوا جس میںحسن اقبال وڑائچ نے4724ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ان کے مدمقابل امیدوار فیاض احمد رانجھا 2989ووٹ لے سکے۔فنانس سیکرٹری کے لئے پانچ ا میدواروں کے مابین مقابلہ ہوا۔ جس میںحافظ اللہ یار سپرا نے 2594ووٹ حاصل کر کے کامیابی سمیٹی۔عنصر جمیل نے 2572 ذیشان سلہریانے1485 ،فرخ شہزاد کمبوہ نے748جبکہ احسان سیال نے337ووٹ حاصل کئے۔ چیئرمین الیکشن بورڈجاوید اقبال راجہ نے نتائج کا اعلان کیا۔نتائج کا اعلان ہوتے ہی کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے جشن منایا۔ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور احاطہ ہائی کورٹ بار میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔اس موقع پر نو منتخب صدر لاہور ہائیکورٹ بار انوار الحق پنوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاءکی فلاح و بہبود،ان کے مسائل کا حل اور بار و بنچ کے تعلقات کو مثالی بنانا ان کی ترجیحات میں شامل ہو گا۔وہ بار کو ایک پروفیشنل ادارہ بنائیں گے۔ ۔ پولنگ صبح نو سے شام پانچ بجے تک ایک گھنٹے کے وقفے سے جاری رہی۔پولنگ کا عمل سرانجام دینے کے لئے پانچ پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ۔ پولنگ سٹیشن میں رجسٹرڈ ووٹرز کے سوا نان ووٹرز کا داخلہ مکمل بند رہا۔اس کامیابی کے بعد پاکستان بار کونسل،سپریم کورٹ بار،لاہور ہائی کورٹ بار اور لاہور بار میں انڈیپنڈنٹ گروپ برسر اقتدار آ گیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ بار کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) لائرز کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوئے۔
ہائیکورٹ بار/ الیکشن