• news

سید تجمل عباس آئی ٹی ایف ورلڈ جونیئر رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ : ملائیشیا کے سریش درشن نے بوائز سنگل ٹائٹل جیت لیا

اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر) ملائشیا کے سیکنڈ سیڈ سریش درشن نے چائنیز تائیپائی کے کوالیفائر چینگ وی چین کو فائنل میں شکست دے کر سید تجمل عباس آئی ٹی ایف پاکستان ورلڈ جونیئر رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ جیت لی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر جو پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سابق وائس پریذیڈنٹ بھی رہ چکے ہیں فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے انعامات بھی تقسیم کئے۔ اس مو قع پر ایشیئن ٹینس فیڈریشن کے اعزازی تاحیات سینئر وائس پریذیڈنٹ سینیٹر سید دلاور عباس، آئی جی موٹر وے پولیس و سابق صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن ڈاکٹر سید کلیم امام،پاکستان کی سابق ڈیوس کپ ٹیم کپتان حمید الحق اور آئی ٹی ایف سپروائزر محمد عارف قریشی بھی موجود تھے۔پاکستان ٹینس فیدریشن کے زیر اہتمام اور آئی ٹی ایف کی زیر نگرانی ہونے والی اس چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت دس ممالک، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، چائنیز تائیپائی، ہانگ کانگ، بھارت، تھائی لینڈ اور ترکی کے 20 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ چیمپئن شپ کے بوائز ڈبل فائنل میچ میں ہانگ کانگ کے میتھیو یی اور پاکستان کے محمد نعمان آفتاب نے تھائی لینڈ کے رتنن سری تی وارچر اور ملائیشیا کے سریش درشن کو 6-3 اور 6-1 سے شکست دے کے بوائز ڈبل ٹائٹل جیت لیا۔ فائنل میچ کے اختتام پر آئی ٹی ایف سپروائزر محمد عارف قریشی نے چیمپئن شپ رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ چیمپئن شپ سابق کمشنر سرگودھا ڈویژن سید تجمل عباس کے نام سے منسوب کی گئی۔ سید تجمل عباس خود بھی ایک ٹینس کھلاڑی تھے۔ انہیں5اگست 1996ء کو سرگودھا آفیسر کلب کے ٹینس کورٹس پر اندھا دھند فائرنگ کرکے شہید کر دیا گیا تھا۔ آئی ٹی ایف سپروائزر نے چیمپئن شپ کو کامیاب بنانے میں پریس، میڈیا، پی ٹی ایف، آئی ٹی اے اور آئی ٹی ایف کے ساتھ ساتھ بالخصوص غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان آکر کھیلنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن