پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018 کراچی میں شروع ہو گئی
کراچی( خبر نگار)پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018 کراچی میں شروع ہو گئی۔ مشق کے افتتاحی سیشن میں وائس چیف آف نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل کلیم شوکت مہمان خصوصی تھے ۔ رباط سیریز کی مشقوں میںروایتی سے لے کر غیر روایتی تک بدلتے ہوئے کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی جنگی حکمت عملیوںکی جانچ اور ان کا عملی مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ اس مشق میں بحیرہ عرب کے طول و عرض میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز بھی شامل ہوں گے۔ مشق کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیف آف نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی جنگی تیاری پر زور دیا اور کہا کہ مشترکہ جنگی مشقیں جدید جنگی حکمت عملی کی بنیاد ہیںجس سے مادر وطن کے دفاع کے لیے تربیت کے مواقع حاصل ہوتے ہیں۔انھوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ اپنے دشمن کی عددی برتری یا بڑھتے ہوئے ذرائع سے خوفزدہ نہ ہوں اس لیے کہ اسلامی تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے جہاں چھوٹی مسلم افواج نے اپنی بہتر حکمت عملی، اللہ پر ایمان اور اپنے جائز مقصد کی بنا پر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مشق پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے جنگی اور سپورٹ ، دونوں شعبوں کے لیے پیشہ ورانہ طور پر مفید ثابت ہوگی۔ اس حق میں فلیٹ کمانڈ کی مختلف یونٹس سمیت پاک بحریہ کی کوسٹل اور لاجسٹکس کمانڈ کے یونٹس بھی حصہ لے رہے ہیں۔