شہبازشریف کی پاناما لیکس اب سامنے آئی‘ فیصل سبحان گمشدگی کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے:عمران
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک کنسٹرکشن کمپنی کے سربراہ فیصل سبحان کی گمشدگی پر عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے شفافیت کے تمام تقاضے بالائے طاق رکھتے ہوئے اربوں روپے مالیت کے ان منصوبوں کو خفیہ تجوریوں میں چھپائے رکھنا ناقابل قبول ہے۔ سپریم کورٹ سے استدعا ہے میٹرو اور اورنج لائن منصوبوں کے معاہدے بھی قوم کے سامنے لائے جائیں۔ ٹویٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شفافیت کے تمام تقاضے بالائے طاق رکھتے ہوئے اربوں روپے مالیت کے ان منصوبوں کو خفیہ تجوریوں میں چھپائے رکھنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کی پانامہ لیکس اب منظرعام پر آئی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ کنسٹرکشن نامی کمپنی کے سربراہ فیصل سبحان نے ملتان میٹرو منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کرنے والے چینی حکام کے سامنے اعتراف کیا کہ شہبازشریف اور انکے خاندان کے بیرون ملک اکاﺅنٹس میں بھارا کمیشن منتقل کیا گیا ہے۔ اس اعتراف کے بعد فیصل سبحان کو غائب کردیا گیا اور میں اس گمشدگی کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں۔ پنجاب کی نوکرشاہی کا کردار بے نقاب ہونے کے بعد میری سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ میٹرو اور اورنج لائن منصوبوں کے معاہدے بھی قوم کے سامنے لائے جائیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے پنجاب میں کرپشن کے خلاف مہم تیز کرتے ہوئے سول سیکرٹریٹ کے تالے توڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں تحریک انصاف کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں عبدالعلیم خان‘ شعیب صدیقی اور دیگر اہم رہنماﺅں نے شرکت کی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بنی گالا سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی۔ رپورٹ کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈی جی احدچیمہ کی گرفتاری پر سول سرونٹس نے لاہور سیکرٹریٹ کو تالے لگائے تھے تاہم پی ٹی آئی نے لاہور سیکرٹریٹ کے تالے توڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان نے پیر کو سرکاری دفاتر کے تالے نہ کھلنے پر دو بجے ممبران صوبائی اسمبلی کو تالے کھلوانے کی ہدایت کردی۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے پنجاب میں کرپشن کے خلاف مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دوپہر 2بجے پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاجی مظاہرے کا حکم بھی دیا ہے جبکہ پارلیمانی کمیٹی کو یا بید کمپنی اور فیصل سبحان کا کھوج لگانے کی بھی ہدایت کر دی۔ پی ٹی آئی کے ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا کہ شریف خاندان کے لاپتہ فرنٹ مین فیصل سبحان کا پتہ لگانے کیلئے ”تلاش گمشدہ“ مہم شروع کی جائے گی۔ فیصل سبحان کی بازیابی کے لئے پنجاب اسمبلی میں احتجاج کیا جارہا ہے۔ پیر تک اگر سول سیکرٹریٹ کے تالے نہ کھلے تو ایم پی ایز تالے توڑیں گے۔ وزیراعلی شہبازشریف سے میٹرو منصوبے میں 900 ارب کی کرپشن کا حساب بھی مانگا جائے گا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ملک گیر عوامی رابطہ مہم کے آغاز کا بھی اعلان کر دیا گیا جو 4مارچ کو کراچی سے شروع ہوگی اور لاہور میں اختتام پذیر ہوگی۔ پی ٹی آئی نے ماورائے عدالت ہلاکتوں کے الزام میں گرفتار سابق پولیس افسر عابد باکسر کی حفاظت کیلئے بھی آواز اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی جان کو خطرہ لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب کی بیورو کریسی رائے ونڈ کی ذاتی ملازم بن چکی ہے‘ احدچیمہ کی گرفتاری پر ہڑتال کرنے والی بیورو کریسی کے بارے میں الیکشن کمیشن کو خط لکھا جائے گا‘ ان آفیسرز کو نگران سیٹ اپ میں تعینات نہ کیا جائے کیونکہ یہ آفیسرز اپنی غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ حلف کی پاسداری میں ناکام ہوگئے ہیں، مسلم لیگ(ن) کا ڈی ایم جی ونگ الیکشن میں قبول نہیں ہوگا۔
عمران