خواجہ سرا پیدائشی ہوتے ہیں سینٹ کمیٹی نے ہماری تجویز نظرانداز کر کے بل منظور کیا‘ چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل
اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل پاکستان ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہاہے کہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے خواجہ سراﺅں کے حقوق اور حفاظت بل 2017 میں اسلامی نظریہ کونسل کی خواجہ سرا کی تعریف کے حوالے سے تجویزنظرانداز کرکے بل پاس کیا، کونسل نے بل میںخواجہ سرا کی تعریف سے اختلاف کیا ہے، اس میں وہ بھی شامل ہوتے ہیں جو مصنوعی طور پر اپنے آپ کو خواجہ سر بنالیں ۔ اس حوالے سے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم صرف ان کوخواجہ سرا مانتے ہیں جو اللہ کی طرف سے قدرتی طور پر پیدا ہوئے ہیں جبکہ جو بل کمیٹی میں پاس ہواہے اس میں وہ بھی شامل ہیں جو مصنوعی طور پر اپنے آپ کو خواجہ سر بنالیں۔ اس لیے اسلامی نظریہ کونسل نے خواجہ سرا کی تعریف سے اختلاف کیاہے ۔اس حوالے سے اسلامی نظریہ کونسل پاکستان کے شعبہ تحقیق کے سربراہ غلام دستگیر نے کہا کہ ہمارا اختلاف بل میںخواجہ سرا کی تعریف پر ہے ہماری تجویز تھی کہ صر ف ان خواجہ سراﺅں کو تعریف میں شامل کیاجائے جو پیدائشی ہوں۔خواجہ سرا (خنثہ)کی تعریف کی شق 2 میں لکھا ہے کہ وہ پیدائشی تو مرد ہومگر بعد میں خواجہ سرا بن جائے جس پر ہم نے اختلاف کیاہے کہ اگر کوئی کسی وجہ سے نامرد ہو جاتاہے تو وہ خواجہ سرا نہیںہوتا اور اس بل کے بعد جو اپنے آپ کو نامرد کرے گا اس کوقانونی حفاظت حاصل ہوجائے گی جبکہ شریعت اسلامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی ہے کہ کوئی اپنے آپ کونامرد بنائے۔کمیٹی کے رکن سینیٹر مفتی عبدالستار نے کہا خواجہ سراﺅں کی تعریف مبہم رکھی گئی ہے اور کمیٹی میں بھی میں نے اس پر اختلاف کیاتھا اور کہاکہ اسکا فیصلہ میڈیکل رپورٹ سے کیاجائے کون خواجہ سرا ہے اور کون نہیں ہے۔ خواجہ سرا وہی ہے جس کی اسلامی نظریہ کونسل نے تعریف کی ہے۔ اسلامی نظریہ کونسل کے رکن اورشیعہ علماءکونسل کے رہنما عارف حسین واحدی نے کہاکہ جو اپنے آپ کو نامرد بنائے تو وہ جرم کاارتکاب کرتاہے اور اس کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی اور جوکسی اور وجہ سے بھی اگر نامرد بن گیاتو اس کو خواجہ سرا نہیں کہیں گے وہ مرد ہی ہوگا۔ ملی یکجہتی کونسل کے رہنمامفتی گلزار احمدنعیمی نے کہا خواجہ سرا صرف وہ ہوں گے جو پیدائشی ہو۔ جمعیت علماءاسلام (ف)کے رہنما مفتی امیرزیب نے کہاکہ تین قسم کے خواجہ سرا ہوتے ہیں مردوں کے مشابہت رکھنے والے اور عورتوں سے مشابہت رکھنے والے جبکہ تیسری قسم خنثہ ہے جس میں تعین کرنا مشکل ہوتاہے کہ وہ مردخواجہ سراہے یاعورت خواجہ سرا ہے۔
چیئرمین نظریہ کونسل