;منتخب نمائندے غیرمستحکم ہوتے رہے تو افغانستان بھی ہم سے آگے نکل جائے گا: احسن اقبال
نارووال (نامہ نگار) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ لیپ ٹاپ سیکم ایک شفاف منصوبہ ہے جس کے ذریعے پاکستان کو ڈیجیٹل اور نالج اکانومی میں تبدیل کر دیں گے۔ لیپ ٹاپ دینے کا معیار کوئی سیاسی وابستگی نہیں بلکہ صرف اور صرف قابلیت ہے۔ مجھے امید ہے کہ لیپ ٹاپ کے ذریعے نوجوان اپنی تعلیمی قابلیت کو چار چاند لگا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال پبلک سکول میں وزیر اعلی پنجاب سیکم کے تحت مفت لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم پر سڑکوں کی تعمیر کا لزام لگایا جاتا ہے حالانکہ سڑکوں کی تعمیر ہی ترقی کا زینہ ہے۔ نوازشریف کو پچھلی حکومت کی مدت پوری کرنے دی جاتی تو ملک 15سال پہلے وسط ایشیا سے جڑا ہوتا احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا ایک مسئلہ ہے کہ آج تک پاکستان کے عوام کے منتخب حکمرانوں کو ایک دفعہ بھی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی۔ اب پاکستان کی عوام یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ عوام میں کیا کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خدشہ ہے کہ اگر عوام کے منتخب نمائندوں کو غیر مستحکم کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو افغانستان بھی ہم سے آگے نکل جائے گا۔ پورے ملک میں بغیر کسی امیتاز کے میرٹ پر لیپ ٹاپ دئیے جار ہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کو ختم اور دہشت گردی کی کمر توڑی ہے۔ اس موقع پر ایم پی اے رانا منان خان، سردار رمیش سنگھ اروڑھا،چیئرمین ضلع کونسل احمد اقبال، چیئرمین بلدیہ پیر اظہر الحسن گیلانی، ڈی سی علی عنان قمر، ڈی پی او عمران کشور کے علاوہ محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس کے بعد وزیر داخلہ احسن اقبال چوہدری پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر، مرکزی انجمن تاجراں کے صدر مزمل حفیظ بابر جو روڈ ایکسیڈنٹ میں شدید زخمی ہوئے تھے کی عیادت کےلئے ان کے گھر گئے ان کے ہمراہ چیئرمین بلدیہ پیر سید اظہرالحسن گیلانی بھی موجود تھے۔
احسن اقبال