• news

الزام تراشی، سعد رفیق نے فواد چودھری کو 5 ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا‘دو ٹکے کا دعویٰ ہوتا تو مضبوط مقدمہ تھا، رہنما پی ٹی آئی

اسلام آباد (خبر نگار + این این آئی) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے تحریک انصاف کے رہنما چودھری فواد حسین کو 22 فروری کی میڈیا ٹاک میں جھوٹے الزامات لگانے پر پانچ ارب روپے ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے آئین پاکستان ہر شخص کو اپنی عزت اور ساکھ کی حفاظت کی ضمانت دیتا ہے کسی شخص کو حق نہیں کہ قانونی وجہ کے بغیر کسی کے بارے میں ہتک آمیز بیانات دے۔ فواد چوہدری اس ہرزہ سرائی پر قوم کے سامنے غیر مشروط معافی مانگے۔ اگر چودہ دن میں معافی نہ مانگی گئی تو وزیر ریلوے قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ فواد چودھری کی طرف سے سعد رفیق کو پیراگون سٹی کا مالک قرار دینے، بھائی کو آشیانہ اقبال کا چودہ ارب کا ٹھیکہ دلوانے اور کرپشن کے جھوٹے، من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی الزامات پر لیگل نوٹس دیا۔ این این آئی کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے سعد رفیق اپنے آپ کو پانچ ارب پر ویلیو کر رہے ہیں اگر ان کا دو ٹکے کا دعویٰ ہوتا تو مضبوط مقدمہ تھا۔ یہ بات انہوں نے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے پانچ ارب ہرجانے کے لیگل نوٹس پر دیئے گئے اپنے ردعمل میں کہی۔
سعدرفیق / نوٹس

ای پیپر-دی نیشن