دونوں رابطہ کمیٹیاں تحلیل کرکے نئی کمیٹی بنائی جائے: فاروق ستار کا فارمولا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کے ایم سی گراﺅنڈ میں کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ میرا فارمولا ہے دونوں رابطہ کمیٹیوں کو تحلیل کر دیا جائے میں اور خالدمقبول صدیقی مشاورت سے نئی رابطہ کمیٹی بنائیں 23 اگست کو اللہ تعالی نے بڑی اہم ذمہ داری سے نوازا بہادر آباد والے معاملہ عوام میں لائے تو مجھے بھی کارکنوں میں آنا پڑا کیا گھر کے مسئلے عدالتوں میں لے جانا ضروری تھے؟ نہیں چاہتا کہ عدالتوں اور الیکشن کمشن میں مسائل حل کروں یہ سوچ کر آیا تھا کہ شاہد آفریدی بن کر اننگ کھیلوں گا لیکن اب بہادر آباد کے ساتھیوں کے لحاظ کے سبب حنیف محمد کی اننگ کھیلوں گا۔ آج کل میڈیا میں مجھے کیوں نکالا ہی چل رہا ہے سری دیوی کے انتقال کے سبب نواز شریف اور ایم کیو ایم کو آرام مل گیا بال کو اس کے وقت پر نہ کھیلا جائے تو کوئی فائدہ نہیں۔ 23 اگست اور پی ایس پی سے الحاق سے متعلق اقدام سے ہماری پوزیشن واضح ہے۔ محسوس ہوا کہ کھینچا تانی میں پتنگ کو نقصان ہو گا تو خود پیچھے ہٹ جاﺅں گا۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم پی آئی بی کے تین رکنی وفد نے بہادر آباد رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی پی آئی بی کے وفد میں کامران ٹیسوری، خواجہ سہیل منصور اور عبدالوسیم اور بہادر آباد ارکان میں عامر خان، کنور نوید، امین الحق اور فیصل سبزواری شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی بی وفد نے تجاویز اور فاروق ستار کا پیغام پہنچایا۔ بہادرآباد ارکان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں فاروق ستار آئیں سب ملکر پارٹی چلائیں ملاقات کے بعد کامران ٹیسوری نے کہا کہ مثبت پیشرفت ہوئی ہے فاروق ستار کی ہدایت پر آئے آئندہ بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دو بھائیوں میں اختلاف ہو جاتا ہے انہیں حل کرنا ہے فاروق ستار ایم کیو ایم پاکستان کو تقسیم نہیں کرنا چاہتے۔ پوچھنے آیا تھا مجھے کیوں نکالا؟ فیصل سبزواری نے کہا کہ فاروق بھائی کی ہدایت پر کچھ ساتھی ملنے آئے تھے ایم کیو ایم پاکستان کو نقصان سے بچانا ہے۔ ہمارے پاس ایک تجویز آئی تھی اس پر ہم نے مزید بہتر حل بتایا فارمولے سے متعلق فاروق بھائی ہی بتا سکتے ہیں۔
فاروق ستار