• news

ایم کیو ایم کو کراچی سے نکالے بغیر حالات بہتر نہیں ہوسکتے: مصطفی کمال

کراچی( نیوز رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی سے ایم کیو ایم کو نکالے بغیر حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔ ہم نے اس شہر میں پارٹی کے جھنڈوں کی وجہ سے نوجوا نوں کو مرتے ہوئے دیکھا ہے اس لئے ہم نے پارٹی کا جھنڈا لہرانے کے بجائے قومی پرچم اٹھایا، لوگوں کے دلوں کو جوڑنا سیاسی جماعتوں کا کام ہے ، ہم نے صرف مہاجروں کے لئے نہیں بلکہ کراچی میں بسنے والے ہر شہری کے لئے پانی مانگا ہے۔اب ہمیں اس شہر کو دوبارہ آگ میں نہیں دھکیلنا ،ہم نے ماؤں کی بددعائیں لینے کے لئے کام شروع نہیں کیا۔ اس شہر کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر مہاجر ہیں وہ ایک پلیٹ فارم ہر جمع ہوں ہم مہاجروں کے مزید دشمن نہیں بنانا چاہتے۔ ہمارا مشن ومقصد شہر اور شہریوں سمیت پورے پاکستان کی ترقی ہے ۔پی ایس پی کے علاوہ کراچی والوں کے پاس کوئی آپشن نہیں ہے، مہاجروں سمیت تمام قومیتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے اتوار کے روز پی ایس پی کے تحت پاکستان کا ترقی کی جانب سفر کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی، سیکریٹری جنرل رضا ہارون، سینئر وائس چیئرمین انیس ایڈوکیٹ اور ڈاکٹر صغیر احمد، وائس چیئر مین وسیم آفتاب اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔مصطفی کمال نے کہاکہ بدقسمتی سے اس شہر کے لوگوں کو فرقوں اور قومیتوں میں تقسیم کردیا گیا پچھلے چالیس سالوں میں یہی کچھ ہوا ہے یہاں ایم کیوایم سے لیکر ہر سیاسی و مذہبی جماعت کے لوگوں کو مارا گیا بانی ایم کیوایم نے ہمیں بتایا کہ وہ را کے ساتھ منسلک ہیں انکا کام ملک کو غیر مستحکم کرنا تھا اس لئے ہم نے اس راستے کو چھوڑا۔ انہوں نے کہاکہ اس شہر سے ایم کیوایم کو نکالے بغیر حالات بہتر نہیں ہوسکتے یہ لوگ 2018ء میں کس بنیاد پر ووٹ مانگیں گے کیا آپ نے شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات مہیا کردیں یہاں تو شہری فضلہ ملا پانی پینے ہر مجبور ہیں یہ میں نہیں سپریم کورٹ کہہ رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن