امریکہ، بھارت اور اسرائیل ہمیں گرے لسٹ میں شامل کرانے کیلئے زور لگا رہے ہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کی تثلیث پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے اور دہشتگردی کا معاون ملک قرار دینے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگانے میں مصروف ہے۔ حکومت نے جس طرح اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور ایک شخص کو بچانے کے لیے پوری حکومت ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے اسے ملکی مفادات کے تحفظ کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ بھارت کے اندر ہندو تنظیمیں مسلمانوں کا قتل عام کررہی ہیں۔ کشمیر میں بھارتی فوج روزانہ مسلمانوں کو قتل اور تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ افغانستان سے پاکستان میں بھارتی قونصل خانے دہشتگردکارروائیاں کرانے میں ملوث ہیں۔ بھارت ایل او سی پر سول آبادی پر روزانہ گولہ باری کر کے نہتے عوام کو قتل کررہاہے، اگر یہی حال رہا تو دشمن پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بات جماعت اسلامی کے ضلعی امراء اور سیکرٹریز کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہمارا معاشرہ مظلوم اور غلام معاشرہ ہے۔ پوری آباد کا بیشتر حصہ دو فیصد کے مفادات کے تحفظ میں لگا ہواہے اور اس کی پشت پر عالمی میڈیا اور اسٹیبلشمنٹ ہے ۔ ہمیں اس نظام کو تبدیل کرنااور اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرناہے۔ یہاں پر سیاسی ، معاشی اور مالی کرپشن کے خلاف ہم نے عوام کو کھڑا کرناہے۔ انہوں نے کہاکہ 3 مارچ کو کراچی میں ایک بڑا یوتھ کنونشن ہوگا۔ 23 مارچ کو پشاور اور یکم اپریل کو پنجاب میں بڑے یوتھ کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔