• news

بیورو کریسی کی ہڑتال میں حکومتی ایما شامل، سب نواز شریف کے بگڑے لاڈلے ہیں: اعتزاز احسن

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پنجاب کی بیورو کریسی حکومتی ایماء پر ہڑتال کر رہی ہے اور اس ہڑتال میں صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت بھی ملوث ہے کیونکہ بیورو کریٹس کی ہڑتال کرنے پر وفاقی حکومت ان کیخلاف مقدمہ درج کرواسکتی تھی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ ہڑتال کرنے والے بیورو کریٹس نوازشریف کے بگڑے لاڈلے ہیں اور بیورو کریٹس کی ہڑتال بغاوت کے زمرے میں آتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الحمراء آرٹ سنٹر میں منعقدہ لٹریری فیسٹیول میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیوروکریٹس کی ہڑتال ریاست کیخلاف بغاوت ہے جس پر ان ہڑتال کرنے والے بیوروکریٹس کیخلاف نہ صرف مقدمات درج ہونے چاہئیں بلکہ ان کو ملازمتوں سے برطرف بھی کر دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں یہ دوسری بار ہو رہا ہے کہ جب عوام کے خادموں نے ہڑتال کی ہے۔ اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب غلام مصطفی کھر کے دور حکومت میں صوبہ پنجاب کی پولیس نے ہڑتال کی کال دی تھی جس پر وزیراعلیٰ نے اعلان کیا تھا کہ اگر پولیس والے اپنے اپنے تھانوں میں نہ آئے میں تمام پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو ہدایات جاری کرونگا کہ وہ تمام تھانوں کی ذمہ داریاں سنبھال لیں جس پر پولیس اہلکاروں نے اپنی ہڑتال ختم کرکے واپس ڈیوٹیوں پر آگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف میں ایسا کون سا کمال ہے جو ان بابوئوں نے ہڑتال کی ہوئی ہے کہیں وزیراعلیٰ پنجاب چوروں کے سردار تو نہیں ہیں جو ان کے کہنے پر بیوروکریسی نے ہڑتال کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سعید مہدی ،احمد صادق ،سلمان فاروقی سمیت کئی بیوروکریٹس گرفتار ہوتے رہے ہیں اس وقت تو کسی بیوروکریٹس نے ہڑتال نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف بگڑے ہوئے لاڈلے ہیں اور نیب نے ان کے کارخاص کو پکڑ لیا ہے اور جس کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی اس لئے انہوں نے بیورو کریٹس کو ہڑتال پر اکسایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جو بھی حکومت پنجاب میں آئے گی وہ ان ہڑتال کرنے والے بیورو کریٹس کیخلاف مقدمات در ج کرائی جائیگی اور ان افسران کو شوکاز نوٹس بھی جاری کریگی۔

ای پیپر-دی نیشن