• news

کلمہ کے نام پر ووٹ لیکر سیاستدان اقتدار میں سب بھول جاتے ہیں: حافظ سعید

مریدکے (نامہ نگار) امیر جماعتہ الدعوۃ پاکستان حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بعض دانشور مغرب کی زبان بولتے ہوئے یہاں غیر اسلامی نظاموں کو رائج کرنے کی باتیں کی جاتی ہیں مگر ملکی و قومی ترقی نظام اسلام میں ہی ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے راوی ریان میں مرکزی رہنما خالد سیف الاسلام وٹو کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کے موقع پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد یوسف وٹو، عبد الخالق وٹو، مقامی مسئول ابو خطاب، محمد رمضان کمبوہ سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ ہمارے بعض سیاستدان ووٹ لینے کیلئے تو پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ کا نعرہ لگاتے ہیں مگر اقتدار میں آنے کے بعد سب کچھ بھول جاتے ہیں۔ اسلامی نظام پر عمل پیرا ہونے سے ہی مسلمان ملک و معاشرے ترقی کر سکتے ہیں۔ ہم نے حالات کو دیکھ کر نظام وضع نہیں کرنے بلکہ اسلام کے دیے ہوئے نظام پر عمل کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلمان اپنے گھروں میں قرآن و سنت نافذ کریں اور بچوں کی تربیت دینی بنیادوں پر کریں۔ انہوںنے کہاکہ علما کرام مسلم امہ کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں اور مسلم معاشروں میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ حافظ محمد سعید نے مزید کہاکہ جب تک اسلامی نظام کے مطابق عمل نہیں ہو گا تو پھر انسان اپنی مرضی اور خواہشات کے مطابق عمل درآمد کریں گے۔ اس سے معاشروں میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ دکھ کی بات ہے کہ پاکستان میں بھی بعض دانشور مغرب کی زبان بول رہے ہیں اور یہاں غیر اسلامی نظاموں کو رائج کرنے کی باتیں کی جاتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن