• news

عوام کی بددعائیں پیچھا کررہی ہیں نوازشریف کو قدرت نے نکالا، زرداری سٹیل مل کی نجکاری نہیں ہونے دینگے، بلاول

کراچی (سٹاف رپورٹر + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں انتہا پسندی کو شکست دینے کا طریقہ یہ ہے کہ عوام میں شعور بیدار کیا جائے وہ ایشیا فلم فیسٹول سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ انتہا پسندی کو اسلام کے ساتھ جوڑا گیا حالانکہ یہ غلط ہے پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے پاکستان کا درست تصور پیش کیا‘ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے جو امن پسندی کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سنیما کو امن کیلئے استعمال کیا جا سکتاہے‘ معاشرے میں سچائی کے پرچار اور ثقافتی ماحول کو فروغ دے کر انتہا پسندی کو کم کیا جا سکتا ہے۔ سندھ‘ پنجاب‘ بلوچستان اور کے پی کے میں الگ الگ ثقافتی اقدار ہیں‘ امن کے سفر میں ایشیا پیس فیسٹول اہم قدم ہے۔علاوہ ازیں پاکستان سٹیل پیپلز ورکرز یونین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ہم پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری یا لیزنگ نہیں ہونے دیں گے اور پارلیمان کے اندر و باہر اس عمل کی شدید مخالفت کرینگے، سٹیل ملز کے ملازمین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، فوری طور اس کی گیس اور پیداواری سرگرمیاں بحال کی جائیں۔ گذشتہ 5 ماہ کی تنخواہ فوری ادا کی جائے، ریٹائرڈ مرحوم ملازمین کی واجبات ترجیحی بنیادوں پر ادا کئے جائیں اور زمین کی بندر بانٹ بند کی جائے، نون لیگ قومی اثاثوں کو بیچ رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی بھی اس عمل کی حمایتی بنی ہوئی ہے، نون لیگ سٹیل ملز کو اپنے حواریوں کو اونے پونے داموں پر بیچنا چاہتی ہے لیکن ہم ہرگز ایسا ہونے نہیں دیںگے اور قومی اثاثوں کی ہر قیمت پر حفاظت کریں گے۔دریں اثناء سابق صدر آصف زرداری نے گوجر خان سے تعلق رکھنے والے کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ آمرانہ سوچ کی وجہ سے معاشرے میں بگاڑ آیا۔ اس بگاڑ کو ختم کرکے درست سمت پر چلنے کا وقت آچکا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو پر عمل سے مثبت تبدیل آئے گی۔ پیپلز پارٹی قربانیاں دینے والے کارکنوں کو نظرانداز نہیں کرتی۔ پیپلز پارٹی کسی سے انتقام نہیں لیتی۔ نواز شریف کو کسی اور نے نہیں قدرت نے نکالا ہے۔ عوام کی بددعائیں نواز شریف کا پیچھا کررہی ہیں۔ نواز شریف نے عوام کو بے روزگار کرکے فاقہ کشی پر مجبور کیا۔ آمریت اور آمرانہ ذہنیت کی وجہ سے معاشرے میں بگاڑ آیا۔ بلاول بھٹو نے واشنگٹن میں پاکستان کا بھرپور مقدمہ لڑا۔ آئندہ انتخابات جیتنے کے بعد کارکنوں کی ذمہ داریاں بڑھ جائیں گی۔ شہید بی بی کی جدوجہد کی وجہ سے جمہوریت دشمن ان کے دشمن رہے۔ ملک اور عوام پر مہنگائی کا طوفان مسلط کردیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن