• news

مفرور کو استثنٰی دیدیا، بیمار اہلیہ سے ملنے کی اجازت نہیں، سوال تو اٹھیں گے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والے عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت سے مفرور رہے اور آج پہلی دفعہ استثنیٰ کی درخواست دی اور انہیں استثنیٰ دے دیا گیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک شخص جس نے پنجاب میں پراجیکٹ لگائے گرفتار کرلیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ احد چیمہ کی خدمات نہ صرف پنجاب بلکہ عمران خان صاحب کو خود بھی پتہ ہیں۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ جہاں احتساب کمیشن کو تالے لگے ہیں وہاں کون دیکھے گا اور پوچھے گا؟ پنجاب حکومت کے پاس تمام منصوبوں پر خرچ پیسے کا ثبوت ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو دن میں دو بار عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں انہیں بیمار ماں اور بیمار اہلیہ سے ملنے کے لیے استثنیٰ نہیں دیا جاتا۔ ایسے فیصلے پر سوال تو اٹھتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب پر وزیر مملکت برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ پارٹی صدرات کے لیے شہباز شریف ہر اعتبار سے موزوں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صدارت کا فیصلہ کل پارٹی اجلاس میں ہوگا اور اس سے پہلے اس بارے میں بات کرنا مناسب نہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکی ہے، ہر بچہ جان چکا ہے کہ ن لیگ کو توڑنے کی سازش ہو رہی ہے، مریم نواز عوام کے ووٹ کے تقدس کا مقدمہ لڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ کے تمام امیدواروں کو آزاد کر دیا جائے تو اکثریت مسلم لیگ ن کی ہی ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن