عوام کے روشن مستقبل کے لئے ہر حد تک جائیں گے: نوازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ہر دور عوامی خدمت سے عبارت ہے۔ باشعور عوام منفی سیاست کے علمبرداروں کو ووٹ نہیں دیں گے۔ ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا‘ تاہم عوام کے روشن مستقبل کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ رفیق اور سینیٹر مشاہد حسین سید سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جاتی امرا میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے الگ الگ ملاقات کی۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال اور نیب ریفرنس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق وزیراعظم کی دنوں قائدین سے ہونے والی ملاقات تقریباً دو گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ ملاقات میں سینٹ انتخابات‘ نیب مقدمات‘ احد چیمہ کی گرفتاری اور پارٹی صدارت سمیت عام انتخابات پر مشاورت کی گئی جبکہ 27 فروری کو ہونے والے پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے معاملات کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم نے مزید کہا ہم نے ہمیشہ اصولی سیاست کی ہے جس کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ آمریت کے بدترین دور میں بھی حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ آئندہ بھی آمریت کا مقابلہ کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ مشاہد حسین سید کو منگل کو لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی۔ ملاقات میں پارٹی امور اور نوازشریف کی عوامی رابطہ مہم کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔