• news

برطانوی باکسر فائٹ جیتنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا

یارکشائر(سپورٹس ڈیسک) برطانوی باکسر سکاٹ ویسٹ گارتھ لائٹ ہیوی ویٹ فائٹ جیتنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔یارکشائر کے ٹاون ڈانکاسٹر میں دو روز قبل ڈیک سپیل مین کے خلاف مقابلہ جیتنے والے 31 سالہ سکاٹ ویسٹ گارتھ زندگی کی بازی ہارگیا جبکہ یارکشائر میں ہونے والے میچ کے دوران دونوں باکسرز میں شدید مکے بازی ہوئی اور زوردار مکوں سے دونوں باکسرز باری باری رنگ میں گرے۔مقابلہ جیتنے کے بعد انٹریو کے دوران بھی برطانوی باکسر تکلیف میں دکھائی دیے، سر چکرانے کی وجہ سے وہ بار بار سر کو تھامتے رہے، طبی عملے نے معائنہ کیا اور بعد ازاں تکلیف زیادہ ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ چل بسے۔موت سے قبل آخری انٹرویو میں سکاٹ ویسٹ گارتھ کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم ایک اچھا مقابلہ پیش کرنے اور شائقین کو محظوظ کرنے میں کامیاب رہے۔ برطانوی باکسر نے کیریئر میں 6 فتوحات سمیٹیں ، دو مقابلے ہارے جبکہ ایک فائٹ برابر رہی، ان کی موت پر فرینک برنو، رکی ہیٹن اور دیگر نامور باکسرز نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن