نواز شریف عدلیہ پر تنقید کرکے خود کو سیاست میں زندہ رکھنا چاہتے ہیں: پرویز خٹک
پشاور(بیورو رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف دوبارہ نااہل ہونے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر عدلیہ پر بے جا تنقید کرکے خود کو سیاست میں زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔ مگر عوام ان کی اصلیت جان چکے ہے ۔ 2018 کے انتخابات میں عوام سابق وزیر اعظم نوازشریف کی سیاست کا خاتمہ کرکے اس ملک میں حقیقی تبدیلی اور انصاف کا راستہ ہموار کریں گے۔ اے این پی، پی پی پی اور مسلم لیگ ن دوبارہ نئے سیاسی نعروں کے ساتھ میدان میں اتر آئے ہیں۔ ان کواپنی حیثیت کا اندازہ 2018 کے انتخابات میں ہو جائے گا، جب عوام ووٹ کے ذریعے ان کرپٹ سیاست دانوں کوچلتا کریں گے اور ان کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کردیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے گرد بھی گھیرا تنگ ہوچکا ہے وہ بھی احتساب سے نہیں بچ سکیں گے ۔وہ مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنماء علی خان آف امانکوٹ کے خاندان اور درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ پرویز خان خٹک نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اوران کا خاندان اگر بے قصور ہوتا تو ان کو دوبار نااہل نہ کیا جاتا۔ ہم عدلیہ کا احترام کرنا جانتے ہیں۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار کوئی حکمران خاندان احتساب کے کٹہر ے میں آیا ہے۔ نوا زشریف کا احتساب اس وقت تک جاری رکھیں جب تک وہ اس ملک کے غریب عوام کی دولت واپس پاکستان نہیں لاتے۔ پنجاب میں سالوں سے جاری کرپشن اور کمیشن کاحساب دینا ہوگا۔ آصف علی زرداری بھی احتساب کی بات کرتے ہیں۔ وہ کس منہ سے احتساب کی باتیں کرتے ہیں۔ انھوں نے بھی لندن اور دیگر بیرون ملک جائیدادیں بنائی۔ اوران کی کرپشن کے قصوں سے عوام پوری طرح آگاہ ہیں۔