• news

عدالتیں وہی کر رہی ہیں جو غلام اسحاق اور مشرف جمہوری حکومتوں سے کیا کرتے تھے: کیپٹن (ر) صفدر

گجرات (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے و مرکزی رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ پاکستان کی عدالتیں موجودہ دور یں وہی کررہی ہیں جو غلام اسحاق اور مشرف جمہوری حکومتوں کے ساتھ ماضی میں کرتے تھے۔ تاریخ گواہ ہے کہ عدالتوں کے غلط فیصلے ملکوں کو اڑا کر رکھ دیتے ہیں من مرضی کے فیصلوں کا اثر اسکی ملکی معشیت، ترقی، مستقبل پر پڑتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی آمد کے سلسلہ میں کوٹلہ ارب علی خاں میں منعقدہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری جعفر اقبال ، ایم پی اے چوہدری شبیر کوٹلہ، ضلعی چیئرمین چوہدری تنویر کوٹلہ بھی موجود تھے۔ کیپٹن صفدر نے کہا کہ اگر عدالتوں نے انصاف کی فراہمی کو شفاف نہ بنایا تو آنیوالے وقت میں اس نقصان کی ذمہ دار عدلیہ ہو گی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ خدارا غریب کے ووٹ سے بننے والی حکومت کو چلنے دیا جائے، ہم نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، ملک تب تک توانا نہیں ہو سکتا جب تک اس میں نظام مصطفیٰ رائج نہ ہو، انشاء اللہ نواز شریف کی تحریک عدل آہستہ آہستہ چل کر نظام مصطفی کے نفاذ پر ختم ہو گی۔ نواز شریف کا قصور صرف اتنا ہے انہوں نے غریب کے حق کی آواز بلند کی اور اداروں کو انکے دائرہ کے اندر لانے کی باتیں کیں، انکے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔ نواز شریف نے جراتمندانہ اقدام اٹھاتے ہوئے 2013ء میں ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کا عزم کیا جو پورا کیا۔ مگر دھرنے سے پروان چڑھنے والی سازشیں نواز شریف کی نااہلی کے بعد بھی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں، کیپٹن صفدر نے کہا کہ نواجوان نسل آئین کو بچانے کیلئے باہر نکل آئیں۔ بتادیں کہ انہیں آئین، جمہوریت، ووٹ، منتخب نمائندوں کیخلاف اب سازشیں قبول نہیں، نواز شریف کی بیٹی عصر حاضر کے یزیدوں کے سامنے فلسفہ زینب، فلسفہ شہادت پیش کررہی ہیں۔ نئی نسل انکے ساتھ کھڑی ہے، یوتھ ماضی کو سامنے رکھ کر آئندہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے۔ شہبازشریف کے وژن کی بدولت آج دیہی علاقوں میں خوشحالی کا دور دورہ ہے۔ ایم این اے چوہدری عابد رضا نے کہا کہ 4مارچ کو میاں نوازشریف کا کوٹلہ کے دورہ پر حلقہ عوام اور یوتھ کے نوجوان تاریخی استقبال کرینگے۔ میاں نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، ترقی اور روشنی کی راہوں پر گامزن کیا، قانون اور آئین کی پاسداری کی اور عدلیہ کو آزاد کروایا۔ 20 کروڑ عوام کے وزیراعظم کو صرف ایک بے بنیاد الزام پر گھر بھیج دیا گیا یہ کہاں کا انصاف ہے۔ عدلیہ کا احترام جتنا مسلم لیگ (ن) کررہی ہے کوئی نہیں کرسکتا مگر مسلم لیگ (ن) کے لیڈروں کو ہی انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بعدازاں انہوں نے کوٹلہ ارب علی خاں میں نواز شریف کے 4مارچ کو ہونیوالے جلسہ کی گرائونڈ کا معائنہ بھی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن