ون بیلٹ ون روڈ منصوبے سے پورے خطے میں خوشحالی آئیگی: خواجہ محمد آصف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سڑکوں ، ریل لنک، تجارت،اقتصادی ترقی روابط کے فروغ کے منصوبے کا کوئی ثانی نہیں،پاکستان چینی صدر شی جن پنگ کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے وژن کی تعریف کرتا ہے،اس منصوبے سے پورے خطے میں خوشحالی آئے گی۔پیر کو دفتر خارجہ میں چین کے نئے سال کے حوالے سے تصویری نمائش کا انعقاد ہوا۔ وزیرخارجہ خواجہ آصف نے تصویری نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کو ان کے نئے سال پر مبارکباد دیتے ہیں،نمائش کی تقریبات پاک چین ثقافتی تعلقات میں مزید مضبوطی کا باعث بنیں گی، نمائش میں چینی نئے سال اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے،سڑکوں ، ریل لنک، تجارت،اقتصادی ترقی روابط کے فروغ کے منصوبے کا کوئی ثانی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے،یہ دوستی باہمی اعتماد، برابری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مشترکہ ایجنڈے پر مبنی ہے۔