نااہل قیادت،کرپٹ نظام نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا:جماعت اسلامی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں 81فیصد عوام اسلامی نظام کے حامی اور اسلامی تعلیمات کے مطابق منصفانہ نظام کو ہی اپنے مسائل کا حل جانتے ہیں۔ عوام باعزت روزگار اور جان ومال کی حفاظت چاہتے ہیں۔ 70سال سے مسلط نااہل قیادتوں اور کرپٹ نظام نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ تعلیم، صحت‘ زراعت‘ مزدور‘ ملازمین اور نوجوانوں کے لئے بہتر نظام نہیں دیا گیا ہے۔ میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ غیرملکی قرضوں میں اضافہ تشویشناک ہے، اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق غیرملکی قرضوں کا حجم 89ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے جوکہ لمحہ فکریہ ہے۔ آئی ایم ایف کا قرضہ 5ارب 91کروڑ ڈالر تک پہنچنا حکمرانوں کی بدترین معاشی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔ ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ لاہور شہر میں جرائم کی واردتوں میں اضافہ پولیس اور سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ پولیس اورسکیورٹی اداروں کی ناقص کارکردگی کی بنا پر شہر ی سڑکوں اور گلی بازاروں میں لٹ رہے ہیں جس کی جماعت اسلامی لاہور بھر پور مذمت کرتے ہیں۔