• news

نہال ہاشمی کی توہین عدالت کیس میں ایک ماہ قید کی سزا آج ختم، رہائی کا امکان سینٹ کی خالی نشست پر پولنگ کل ہوگی

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق سینیٹر نہال ہاشمی کی آج (بدھ کو) رہائی کا امکان ہے اور سوشل میڈیا پر کارکنان کو اڈیالہ جیل پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کی توہین عدالت کے جرم میں ایک ماہ جیل کی سزا آج (بدھ کو) ختم ہورہی ہے جبکہ لیگ رہنمائوں نے استقبال کی تیاریاں شروع کردیں ہیں۔ سوشل میڈیا پر کارکنان کو اڈیالہ جیل پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ یاد رہے کہ نہال ہاشمی کو ججز کو دھمکی آمیز تقریر پر توہین عدالت میں یکم فروری کو ایک ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔دریں اثنا نہال ہاشمی کی نااہلی سے خالی ہونے والی سینٹ کی خالی نشست پر پولنگ کل (جمعرات) کو پنجاب اسمبلی میں ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ڈاکٹر اسد اشرف جبکہ تحریک انصاف کی خاتون امیدوار ڈاکٹر زرقا ان کے مدمقابل ہوں گی جبکہ پیپلز پارٹی نے پولنگ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن