شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کرنیوالے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی ملازمت میں 3 سال توسیع کی سفارش
اسلام آباد (وقائع نگار )اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکی فیملی کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کرنے والے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں 3سال کی توسیع کی سفارش کی درخواست وزارت قانون کی بھجوادی محمد بشیر کو 12مارچ کو ریٹائر ہونا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت قانون کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں 3سال کی توسیع کے لیے سمر ی بھیجی ہے۔ محمد بشیر اس وقت سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے افراد کے خلاف 3نیب ریفرنسز کی سماعت کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ احتساب عدالت میںسابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس بھی ان کی عدالت میں اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ جج محمد بشیر کی مدت ملازمت 12مارچ کو ختم ہونی ہے۔ اہم کیسز کی سماعت کے دوران مدت ملازمت ختم ہونے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ محمد انور خان کاسی نے جج محمد بشیر کی مد ملازمت میں 3سال کی توسیع کی سفارش کرتے ہوئے سمری وزارت قانون کو ارسال کردی ہے۔ محمد بشیر نے 2012 ء میں احتساب عدالت کے جج کا چارج سنبھالا اور 2015 ء میں ان کو 3سال کی توسیع دی گئی تھی۔