جعلی ڈگری کیس، شعیب شیخ کو 3 مارچ تک جیل بھجوا دیا گیا، سیشن جج نے صحافیوں کو باہر نکال دیا
کراچی (آن لائن) کراچی کی مقامی عدالت نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری سکینڈل میں ملوث شعیب شیخ کو حوالہ کیس میں 3 مارچ تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ شعیب شیخ کو سخت سکیورٹی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی سارہ جونیجو کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزم کے وکیل نے عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی عدالت نے درخواست کو کل یکم مارچ کو سماعت کیلئے مقرر کیا ہے۔ آن لائن کے مطابق مقامی عدالت نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس کی سماعت کے دوران صحافیوں کو کوریج سے روک دیا جس کے بعد پولیس نے صحافیوں کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا، اس موقع پر صحافی نے عدالت سے استفسار کیا اوپن ٹرائل کو کوریج سے کوئی نہیں روک سکتا۔ جس پر جج سارہ جونیجو نے ریمارکس دیئے ایگزیکٹ کیس میں واضح ڈائریکشن ہے کوئی رپورٹر اندر نہیں ہو گا۔ آپ کو جس سے بات کرنی ہے کر لیں میری کورٹ سے باہر نکلیں۔