سردی کم ہوتے ہی لاہور سمیت کئی شہروں میں شیڈول کیساتھ 3گھنٹے تک لوڈشیڈنگ
لاہور (کامرس رپورٹر) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت کم ہوتے ہی گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں ایک سے تین گھنٹے شیڈول سے علاوہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ شیڈول اعلانیہ کے مطابق شہروں میں چار گھنٹے اور دیہی علاقوں میں چھ گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی تھی۔ این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق ارسا کی جانب سے ڈیموں سے پانی کے اخراج میں کمی کی گئی ہے جس کے باعث ہائیڈل کی پیداوار میں نمایاں کمی ہوئی۔ گزشتہ روز منگلا سے 35000 کیوسک جبکہ تربیلاسے 8000 کیوسک پانی کا اخراج کیا گیا۔ مئی تک ارسا کی جانب سے ڈیموں سے پانی کے اخراج میں کمی ہی رکھی جائے گی دوسری جانب چند دنوں تک ملک کے بیشتر علاقوں میں پنکھوں اور اے سی کا استعمال شروع ہو جائے گا جس سے بجلی کی ڈیمانڈ بڑھ جائے گی۔