• news

مونس الہٰی دوبارہ نیب میں پیش‘ نامکمل معلومات دینے پر چودھری برادران6 مارچ کو پھر طلب

لاہور (خصوصی رپورٹر+ ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما مونس الٰہی قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں دوبارہ پیش ہو گئے، آف شور کمپنیوں کے حوالے سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی، احتساب بیورو نے چودھری برادران کو بھی 6 مارچ کو دوبارہ طلب کرلیا ہے ۔ جبکہ تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کو بھی آج (جمعرات) یکم مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔ نیب لاہور نے مونس الٰہی کو پاناما لیکس میں 2 آف شور کمپنیاں سامنے آنے پر تفتیش کے لیے طلب کیا تھا۔ مونس الٰہی لاہور میں نیب کے دفتر پہنچے جہاں قومی احتساب بیورو کے حکام نے ان سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ ذرائع کے مطابق نیب حکام نے مونس الٰہی سے کچھ دستاویزات بھی طلب کی ہیں جبکہ انہیں سوالنامہ بھی دیا گیا تھا۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کے بعد نیب کے دفتر سے روانہ ہوگئے۔ نیب میں پیشی کے حوالے سے مونس الٰہی نے کہا کہ نیب نے ایک دن کے نوٹس پر بلایا اور میں بلا حیل و حجت حاضر ہو گیا۔ میرا دامن صاف ہے اور پہلے کی طرح آج بھی نیب کے تمام سوالات کے جواب دئیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں، آئندہ بھی نیب نے بلایا تو جائوں گا۔ اس سے قبل بھی مونس الٰہی 30 جنوری کو نیب کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔ نیب لاہور نے چودھری برادران کو نامکمل معلومات فراہم کرنے پر دوبارہ طلب کیا ہے نیب کو 4 جنوری 2000 کو چودھری برادران کیخلاف شکایت موصول ہوئی تھی جبکہ 4 اپریل 2000ء کو ان کیخلاف انکوائری کا آغاز ہوا تھا۔ نیب ذرائع کے مطابق چودھری برادران کیخلاف کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن