نواز شریف اور مریم نواز کا عارف سندھیلہ کو فون‘ بھوک ہڑتال ختم کرا دی
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر عارف خان سندھیلہ ایم پی اے کو ٹیلی فون کرکے انکی پارٹی خدمات اور وفاداری پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھوک ہڑتال ختم کرکے عوامی خدمت کیلئے کام جاری رکھیں جس پر عارف خان سندھیلہ نے اپنے قائد کا حکم مانتے ہوئے فوری طور پر بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ نواز شریف نے ٹیلی فون پر عارف خان سندھیلہ سے کہا کہ آپ ہمارے دیرینہ ساتھی ہیں، آپ پارٹی کا فخر اور سرمایہ ہیں میں خود شیخوپورہ آنا چاہتا تھا مگر مصروفیات کی وجہ سے نہیں آسکا لہذا آپ نے میرے لیے جن جذبات کا اظہار کیا اس پر مسلم لیگ (ن) ہمیشہ مشکور رہے گی۔ عارف خان سندھیلہ نے کہاکہ آپ ہمارے قائد ہیں آپ کا حکم سر آنکھوں پر، بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں اور پنجاب اسمبلی پہنچ کر سینٹ انتخاب میں پارٹی کے امیدوار کو ووٹ کاسٹ کرونگا۔ بعدازاں مریم نواز نے بھی عارف خان سندھیلہ کو ٹیلی فون کرکے خیریت دریافت کی۔ انہوں نے کہا آپ میرے بھائی ہیں اور پارٹی کا سرمایہ ہیں، میرے والد اور والدہ آپکی آمریت کیخلاف اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے خدمات کا تذکرہ کرتے ہیں۔ قبل ازیں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب رانا محمد ارشد اور رکن صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول نے بھی بھوک ہڑتالی کیمپ میں آکر عارف خان سندھیلہ کو بھوک ہڑتال ختم کرنے کا کہا تھا۔ قبل ازیں بھوک ہڑتال کے ساتویں روز شہریوں، سول سوسائٹی کے ارکان تاجروں صحافیوں اور وکلاء کی بڑی تعداد نے کیمپ میں پہنچ کر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور مطالبہ کیا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کو فوری طور پر نوٹس لینا چاہئے۔