• news

جے ایف 17تھنڈر سے لیس ایک نئے ملٹی رول سکواڈرن کا قیام عمل میں آگیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کے دشمنوں کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے لیکن ہمارا عزم غیر متزلزل اور مقصد بالکل واضح ہے، ہم ایک امن پسند قوم ہیں اور نہیں چاہتے کہ کوئی ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کرے، ہم نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ وہ بدھ کو بحیثیت مہمان خصوصی پی اے ایف بیس سمنگلی (کوئٹہ) میں ایک عظیم الشان تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ نے آج ایک اور سنگ میل عبور کیا جب فخر پاکستان جے ایف 17تھنڈر سے لیس ایک نئے ملٹی رول سکواڈرن کا قیام عمل میں لایا گیا۔ سکواڈرن کو نمبر 28 ملٹی رول سکواڈرن کا نام دیا گیا ہے جس کا نعرہ ہے ’’خودی کو جس نے فلک سے بلند تر دیکھا‘‘۔ اس موقع پر ائیر چیف کو بیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے اس سکواڈرن کے آفیسر کمانڈنگ، ونگ کمانڈر عامر عمران چیمہ کو سکواڈرن کا نشان عطا کیا۔ تقریب کو یاد گار بنانے کیلئے چار جے ایف 17تھنڈر طیاروں کی فارمیشن نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا۔ ایئر چیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری جدوجہد کے صلہ میں ملک میں امن کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔ ایئر چیف نے کہا کہ آج سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں سے لیس نمبر 28 ملٹی رول سکواڈرن کے ذمہ پاکستان کی مغربی سرحدوں کی فضائی حدود کی دن رات نگرانی ہے۔ ہم کسی بھی فضائی خلاف ورزی کی صورت میں اس کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن