• news

ہمارا مقابلہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے، اور گالی گلوچ کرنے والوں سے ہے: مریم اورنگزیب

راولپنڈی (صباح نیوز+ اے این این) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر ضلع میں ہسپتال اور تعلیمی ادارے بنائے جا رہے ہیں خیبر پی کے کی حکومت 100ارب روپے لگا کر بھی میٹرو منصوبہ نہیں بنا سکی۔ محمد نواز شریف عوام کے ووٹ کے تقدس کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ راولپنڈی آرٹس کونسل میں مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس سیاسی جماعت کا قائد میاں محمد نواز شریف ہو اور صدارت شہباز شریف جیسے شخص کے پاس ہو اور جس کے سپاہی حنیف عباسی ہوں اس کو اللہ تعالی کے بعد عوام کی طاقت اور جماعت کے بعد کسی اور چیز کی ضرورت نہیں۔ نواز شریف پر 90کی دہائی سے الزامات لگتے آئے لیکن چار دہائیاں گزرنے کے بعد بھی کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔ جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کے ٹرائل اور نیب عدالت کے ریفرنسز کے باوجود بھی ہمارے قائد پر ایک روپے کی کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں۔ وہ شخص جس نے 2013میں دعوٰی کیا تھا کہ میں اتنی بجلی بنائوں گا کہ جو پورے پاکستان کو فروخت کروں گا آج وہ بجلی ضرور بنا رہا ہے لیکن ایم او یو کے ذریعے بنا رہا ہے۔ ہر بڑے منصوبے پر ایک ہی نام اور ایک ہی مہر جس کا نام نواز شریف اور مسلم لیگ ن ہے۔ ہمارا مقابلہ اس لاڈلے کے ساتھ ہے جو پارلیمینٹ پر لعنت بھیجتا ہے لوگوں کی پگڑیاں اچھالتا ہے اور لوگوں کو گالی دیتا ہے لیکن ہم اپنے قائد کے حکم کے مطابق عمل کرتے ہیں جس قائد نے ہمیں تحمل بردباری تہذیب اور تمیز سکھائی ہے۔ لاڈلا آج تک سڑکوں پر نکلنے کا نعرہ لگا رہا ہے اب محمد نواز شریف نے جمہوریت کی جنگ لڑنے کا علم اٹھا لیا ہے وہ سوائے اللہ تعالی کے کسی سے نہیں ڈرتے کیونکہ ان کے پیچھے عوام کی طاقت اور اللہ تعالی کا کرم ہے جو شخص صادق اور امین قرار دیا گیا آج سپریم کورٹ میں پیش ہونیوالی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس نے بنی گالہ کے گھر کیلئے اسلام آباد انتظامیہ سے این او سی ہی نہیں لیا اور لاڈلے کی طرف سے سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا این او سی جعلی ہے وہ لاڈلہ جس کو ایک درخواست پر استثنٰی دیا جاتا ہے دوسری طرف ہمارے قائد کو بیمار بیوی کی عیادت کرنے نہ لندن جانے دیا جاتا ہے اور نہ استثنٰی دیا جاتا ہے اس وقت نواز شریف جو جنگ عوام کے ووٹ کے تقدس کی لڑ رہے ہیں ضرور کامیاب ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن