• news

بین الاقوامی ریاضی مقابلے میں پاکستانی طالب علم جعفر رضا نے گولڈمیڈل جیت لیا، وزیراعلیٰ کی مبارکباد

اسلام آباد، بنکاک، لاہور (آئی این پی، خصوصی رپورٹر) پاکستان کے ہونہار سپوت سید جعفر رضا نے بین الاقوامی ریاضی مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرکے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کردیا۔ سید جعفر رضا نے بنکاک میں پاک،ترک انٹرنیشنل اسکول میں ہونے والے ساتویں بین الاقوامی ریاضی مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔اس مقابلے میں پاکستان، سری لنکا، مصر سنگا پور، نائیجیریا، رومانیہ اور کمبوڈیا سمیت 17 ممالک کی 180 ٹیموں کے ریاضی میں مہارت رکھنے والے 600 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے بنکاک میں ہونے والے ریاضی کے بین الاقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی طالب علم جعفر رضا کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے جعفر رضا کے اساتذہ اور والدین کی محنت اور کارکردگی کی بھی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جعفر رضا نے اپنی محنت اور قابلیت کی بناء پر عالمی اعزاز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا اور جعفر رضا کا بین الاقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی طلبہ تعلیم کے میدان میں کسی سے بھی کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعفر رضا جیسے ذہین اور محنتی طلبہ ملک کا اصلی چہرہ اور پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ہمیں ایسے بچوں، بچیوں پر فخر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن