پاکستان سپر لیگ 3، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائٹڈ کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا
شارجہ (نمائندہ سپورٹس)پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی اور کیون پیٹرسن کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی۔شارجہ میں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو چیڈوک والٹن آٹھ اور آصف علی صرف چھ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر لیوک رونچی اور جین پال ڈومینی نے 42 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی۔ رونچی کے آؤٹ ہونے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم رن ریٹ برقرار رکھنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔کپتان مصباح الحق 25 گیندوں پر 22 رنز بنا سکے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے انور علی، راحت علی، جان ہیسٹنگز، حسان اور شین واٹسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔کوئٹہ کے اوپنرز شین واٹسن اور اسد شفیق نے ٹیم 31 رنز کا آغاز فراہم کیا، واٹسن 13 رنز بنانے کے بعد اسٹیون فن کو وکٹ دے بیٹھے۔ 22 رنز بنانے والے اسد شفیق نے غیر ذمے دارانہ شاٹ کھیل کر وکٹ گنوائی تو کوئٹہ کی ٹیم 48 رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔اس موقع پر کیون پیٹرس اور محمد نوازنے 70 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا۔کیون پیٹرسن نے جارحانہ اندازمیںتین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیلی۔پیٹرسن کے آؤٹ ہونے کے باوجود گلیڈی ایٹرز کو ہدف تک رسائی میں کوئی دقت پیش نہیں آئی اور انہوں نے 17 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر کے میچ میں چھ وکٹ سے فتح حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔اس سے قبل شارجہ میں ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوا تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔میچ کیلئے دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کی گئی ہے جہاں اسلام آباد کی ٹیم میں کپتان مصباح الحق کی واپسی ہوئی ہے جبکہ آندرے رسل کی جگہ جین پال ڈومینی کو کھلایا گیا ہے۔کوئٹہ نے بھی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے رلی روسو اور جوفرا آرچر کی جگہ جان ہیسٹنگز اور محمد محموداللہ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔