کھیل 2 ملکوں کے عوام کو قریب لانے کا بہترین فارمولا ہے: جرمن سفیر
لاہور (سپورٹس رپورٹر) کھیل مختلف ممالک اور تہذیبوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں ان خیالات کا اظہار جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلرنے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف بھی موجود تھیں ۔ جرمن سفیر نے کہا کہ کھیل دو ملکوں کے عوام کو قریب لانے کا بہترین فارمولا ہیں، پاکستانی خواتین کرکٹرز سے ملاقات کرکے اچھا لگاپاکستان میں ویمن کرکٹ ٹیم کا معیار عالمی معیار کا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی او او سبحان احمد نے کہا ہے کہ پی سی بی ویمن امپاورمینٹ پر یقین رکھتا ہے، ویمن کرکٹ ٹیم سمیت اس سے جڑے پراجیکٹس ویمن امپاورمنٹ کی مثال ہیں مارٹن کوبلر نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پاکستان ویمن کرکٹ کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا۔قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف کا کہنا تھا کہ قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے لئے پاکستان اور سری لنکا کے مابین سری لنکا میں ہونے والی آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپین شپ رائونڈ ٹو بہت اہم ہے اور اسے جیتنے کی بھرپور کوششیں کریں گے ۔اس سے ورلڈ کپ کی بھی تیاری ہوگی ۔بسمعہ معروف نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کے جانے سے ٹیم پر فرق پڑا ہے تاہم اب بھی ہماری کوشش ہے کہ بہترین کمبی نیشن تشکیل دیا جاسکے ۔جونیئر کرکٹرز کو تجربہ دلوانے کے لئے زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلا نے کی ضرورت ہے ۔ جرمن سفیر مارٹن کوبلر کے دورہ کے موقع پر خواتین کرکٹڑز نے اپنی دستخط شدہ ٹیم کی شرٹ تحفہ میں دی اور جرمن سفیر نے شرٹ پہن کر کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔ جرمن سفیر نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بنائے گئے کرکٹ میوزیم کا بھی دورہ کیا اور وہاں رکھی مہمانوںکی کتاب میں اپنے تاثرات رقم کئے۔