• news

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے حوالے سے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہو سکا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے حق میں فیصلہ کے باوجود منتخب عہدیداران کو پی ایف ایف ہاوس لاہور کا قبضہ نہ مل سکا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار لودھی، سینئر نائب صدر سید خادم علی شاہ، نائب صدر سردار نوید حیدر دیگر عہدیداران فیفا فٹبال ہاوس پہنچے تو گیٹ پر تالا ہوا تھا جبکہ ایڈمنسٹریٹر جسٹس (ر) اسد منیر جنہوں نے عہدیداران کو فٹبال ہاوس آنے کی دعوت دی تھی لیکن وہ خود ہی نہیں آئے ۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید خادم علی شاہ نے کہا کہ افسوس وعدہ کے مطابق جسٹس (ر) اسد منیر یہاں موجود نہیں ہیں۔ اب جمعرات کا کہا جا رہا ہے کہ وہ کراچی سے آئیں گے تو قبضہ دینگے۔ اس موقع پراحمد یار لودھی کا کہنا تھا کہ لیت و لعل سے کام لیا جا رہا ہے۔ عدالتی حکم کی عدولی ہو رہی ہے اگر پاکستان فٹبال فیڈریشن کی لیگل باڈی کو قبضہ نہ دیا گیا تو قانونی چارہ جوئی کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن