قصور، فیصل آباد، شاہپور صدر سرگودھا: قتل کے 4 مجرموں کو سزائے موت
قصور، فیصل آباد، شاہپور صدر، سرگودھا (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) مختلف مقدمات میں قتل کے 7 مجرموں کو سزائے موت اور جرمانہ جبکہ 3کو عمر قید اور جرمانہ جبکہ 14 افراد کو شک کا فائدہ دیکر بری کردیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج خالد سعید وٹو نے منصور آباد گلی نمبر 9 کے ملزم ارشد عرف اچھا کو اپنی سات سالہ بھتیجی ایمن کے قتل کے الزام میں سزائے موت اور 5 لاکھ جرمانہ جبکہ ملزم غلام مصطفی کو راول کے قتل کے جرم میں سزائے موت اور 3 لاکھ جرمانہ کی سزا دی جبکہ ملزمان اشفاق، عدیل اور حیات کو شک کا فائدہ دیکر بری کرنے کا حکم دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے تھانہ مدینہ ٹائون کے مقدمہ میں ملزم احسن نذیر کو وقاص اصغر کے قتل کے جرم میں سزائے موت اور 5 لاکھ جرمانہ جبکہ ڈکیتی کے جرم میں پانچ سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ، ملزم ظہیر عباس کو عمر قید اور 2 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج انعام الٰہی کی عدالت میں تھانہ ساہیانوالہ کے مقدمہ میں ملزم محمد خان کو اپنے سگے بھائی بشیر کے قتل کے جرم میں سزائے موت اور علی حسن کو شک کا فائدہ دیکر بری کرنے کا حکم سنا دیا گیا جبکہ ایڈیشنل سیشن جج خرم بشیر بوسال نے تھانہ ملت ٹائون کے مقدمہ میں ملزم ندیم کو اپنی اہلیہ ارم ریبا کے قتل اور ساس شمیم کو زخمی کرنے کے جرم میں سزائے موت اور 2 لاکھ جرمانہ اور اسکی والدہ منظور فاطمہ اور بھائی تصور کو شک کا فائدہ دیکر بری کرنے کا حکم سنا دیا گیا جبکہ ایڈیشنل سیشن جج شکیل احمد سپرا نے ملزم اسلم کو بخت بی بی کے قتل کے جرم میں عمر قید اور2 لاکھ جرمانہ کی سزا سنا دی ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور چودھری محمد ظفر اقبال نے تھانہ منڈی عثمانوالہ کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ملزم محمد دین کو سزائے موت اور دو لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا دی۔ ملزم نے 2016ء حبیب حسن کو قتل کیا تھا۔ مقدمہ کے 2 شریک جرم ملزمان محمد دین کے حقیقی بیٹوں راحیل احمد اور شمعون کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج شاہپور جاوید اقبال رانجھا نے تھانہ جھاوریاں کے قصبہ ڈھڈیاں کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ملزم نذر محمد کو سزائے موت تین لاکھ روپے جرمانہ، اسکے ساتھیوں محمد کامران، محمد عمران کو چار چار سال قید اور چار چار ہزار روپے جرمانہ پانچ ساتھیوں غلام محمد، یعقوب، احسان، شاہد، لیاقت کو شک کا فائدہ دیتے بری کر دیا۔ سرگودھا میں پسند کی شادی کرنے والی بہن کو موت کے گھاٹ اتارنے بھائی ملزم اختر کو سزائے موت اور 2 لاکھ جرمانہ کی سزا سنا دی گئی جبکہ تین بھائیوں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا گیا۔ علاوہ ازیں موبائل ڈیلر کو دوران ڈکیتی قتل کرنے والے دو ڈاکوئوں کو مجموعی طور پر 64 سال قید بامشقت کی سزا اور ورثا کو 11 لاکھ روپے معاوضہ ادائیگی کا حکم سنا دیا گیا۔ ملزم ناصر امتیاز عرف کالا نے موبائل ڈیلر احمد شہزاد کو قتل کیا تھا۔