• news

چیئرمین جوائنٹ چیفس کمیٹی جنرل زبیر سے چینی سفیر کی ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

روالپنڈی (سٹاف رپورٹر) چینی سفیر یاﺅ جنگ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سے ملاقات کر کے ماحولیاتی تبدیلی اور سکیورٹی، دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ جمعرات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سے چینی سفیر یاﺅ جنگ نے ملاقات کی۔ فریقین نے گہرے سٹرٹیجک تعلقات کے مزید فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چینی سفیر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا ۔ پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ جنگ نے کہا ہے کہ سی پیک کا بنیادی مقصد معاشرے اور عوام کی بہتری ہے‘ سی پیک نے پاک چین دوستی کی ہیت کو تبدیل کردیا ہے‘ سی پیک کے بعد بجلی کی پیداوار میں بہتری آئی ہے‘ سی پیک کی کامیابی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر سے پیداوار میں اضافہ ہوگا‘ سی پیک کے تحت خصوصی صنعتی زونز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے‘ پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت تیار کی جانی چاہئے‘ سی پیک پاکستان اور چین کے لئے ہی نہیں بلکہ دیگر شراکت داروں کے لئے بھی مفید ہے۔ جمعرات کو چین کے سفیریاﺅ جنگ نے سی پیک سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے باہمی تعاون کی توسیع ہے۔ سی پیک نے پاک چیند وستی کی ہیت کو تبدیل کردیا ہے۔ گزشتہ دہائی میں چینی کمپنیوں کے لئے پاکستان میں بہترین کاروبار بجلی جنریٹر کی فروخت تھا سی پیک کے بعد بجلی کی پیداوار میں بہتری آئی ہے اب چین میں بجلی جنریٹر کا کاروباری اس طرح مقبول نہیں رہا۔ پاکستان میں بجلی کی کل طلب 33 ہزار میگا واٹ ہے جسے 2020 تک مکمل کرلیں گے۔ بجلی پیداوار کے لئے چھ پاور پلانٹس کامیابی سے مکمل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی کامیابی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر سے پیداوار میں اضافہ کرسکیں گے۔ سی پیک کے تحت خصوصی صنعتی زونز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت تیار کی جانی چاہئے۔ سی پیک کا بنیادی مقصد معاشرے اور عوام کی بہتری ہے۔ سی پیک چین اور پاکستان کے لئے ہی نہیں بلکہ دیگر شراکت داروں کے لئے بھی مفید ہے۔ نجی کمپنیاں اور سرمایہ کار اب سی پیک میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ سی پیک کے تحت علی بابا کمپنی بھی پاکستان آچکی ہے۔

ملاقات

ای پیپر-دی نیشن