2017ء کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے 87افراد شہید ، 262 زخمی ہوئے: ڈیزاسٹر مینجمنٹ
مظفر آباد(اے این این ) آزاد کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ظہیرالدین قریشی نے کہا ہے کہ گزشتہ برس کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے 46 شہریوں سمیت 87افرادشہید ، 262 زخمی ہوئے۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ 2017میں بھارتی فورسز کی جانب سے کی جانے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی کے نتیجے میں 46 شہری شہید اور 262 زخمی ہوئے۔گزشتہ برس بھارتی فوجیوں نے 1881 مرتبہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی)اور ورکنگ بانڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں۔ جس کے نتیجے میں فوجیوں سمیت کل 87 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2018 میں اب تک یہ تعداد 70 کے قریب ہوچکی ہے۔دوسری جانب دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعوی کیا تھا کہ پاکستانی اور بھارتی وزیر خارجہ کابل میں رواں ہفتے عالمی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کریں گے۔خیال رہے کہ دونوں ممالک کے سیکیورٹی ایڈوائزر کی آخری ملاقات بنکاک میں دسمبر 2017 میں ہوئی تھی تاہم افغانستان میں جاری بین الااقوامی کانفرنس میں اگر دونوں ممالک کے سینئر افسران براہِ راست ملاقات کرتے ہیں تو یہ رواں برس کی پہلی ملاقات ہوگی۔