• news

نوازشریف‘ مریم کی بلیو ایریا میں بیکری سے خریداری‘ شہریوں کیساتھ سیلفیاں بغض والوں نے بغیر پڑھے فیصلہ دیا،مریم نواز

اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران وزرا اور ممبران اسمبلی نے اپنی محفل لگائے رکھی، ایم این اے مائزہ حمید اور مئیر اسلام آباد شیخ انصر کے نام فہرست میںشامل نہ تھے جس کی وجہ سے وہ بارش میں بھیگتے رہے۔ جمعہ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ریفرنسز کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں نواز شریف اور مریم نواز سے وزراء اور لیگی وکلاء ملاقاتیں کرتے رہے، کمرہ عدالت میں موجود صحافیوں کی کیس کے بجائے وزرا کی خوش گپیوں میں دلچسپی دیکھنے میں آئی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ڈاکٹر مصدق، مریم اورنگزیب، دانیال عزیز کمرہ عدالت میں محو گفتگو رہے۔ وزیرکیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے گرمی لگنے پر اپنا کوٹ اتارتے ہوئے کہا کہ بہت گرمی ہے دوسری جانب بارش۔ کمرہ عدالت میں داخلے کی فہرست میں نام نہ ہونے پر لیگیوں کے چہرے مرجھائے ہوئے نظر آئے شیخ انصر کیپٹن صفدر کی گاڑی میں بیٹھے رہے، جب مذکورہ رہنما احتساب عدالت پہنچے تو سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں داخلے سے روک دیا، سکیورٹی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ہمیں جاری کردہ فہرست میں آپ کا نام نہیں ہے، اس موقع پر مصدق ملک نے سکیورٹی اہلکاروں سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پتہ ہے میں یہاں روز آتا ہوں، دانیال عزیزکا کہنا تھا کہ روزانہ یہی مسئلہ ہوتا ہے۔ شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کے موقع پر سابق وزیراطلاعات پرویز رشید، وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، طارق فاطمی اور دیگر قیادت نیب کورٹ پہنچی۔سابق وزیراعظم نواز شریف عدالت سے باہر آئے تو صحافیوں نے سوال کیا میاں صاحب میڈیا سے گفتگو کرینگے تو نواز شریف نے مسکراکر جواب دیا بارش ہے آپ کو بھیگنے نہیں دوں گا۔ اس دوران ایک صحافی نے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے پانامہ کیس میں سامنے آنے والے کیلبری فونٹ کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میں اس بارے میں کیا کہوں، کیلبری فونٹ کی حقیقت سامنے آچکی ہے، سماعت کے موقع پر جب میاں نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ عدالت پہنچے تو ن لیگی کارکنوں نے ان کا ستقبال کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری عدالت کے احاطے کے اندر اور باہر تعینات کیے گئے تھے۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں شاپنگ کی، شہریوں نے اس موقع پر نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں نواز شریف عوام کے ساتھ گھل مل گئے۔ سابق وزیراعظم نے بیکری سے اشیاء بھی خریدیں، اپنے درمیان نواز شریف کو دیکھ کر عوام نے خوشی کا اظہار کیا اور نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی۔ نواز شریف نے لوگوں سے بات چیت کی بھی صباح نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم موسم کی خرابی کے باعث شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے لاہور آنے کے بجائے مری کیلئے روانہ ہو گئے ۔ سابق وزیراعظم نے صحافیوں کو جواب دیا کہ آج میں آپ کو بھیگنے سے بچانا چاہتا ہوں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جھوٹ تھوڑے دن چلتا ہے زیادہ دیر نہیں، مریم نواز نے نواز شریف سے متعلق سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلہ پر پھر تنقید کی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی کی درخواست ہی نہیں کی گئی تھی بغض والوں نے درخواست پڑھنے بغیر ہی فیصلہ کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن