عمران سے ملاقات: رکن قومی اسمبلی نثار جٹ پی ٹی آئی میں شامل
اسلام آباد+فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری نثار احمد جٹ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے بنی گالہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے دوران باضابطہ طور پر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ چوہدری نثا راحمد جٹ نے گزشتہ دنوں پیرحمیدالدین سیالوی کی صدارت میں اقبال پارک دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں ختم نبوت کانفرنس کے دوران اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا ان میں وہ بھی شامل تھے بعدازاں انہوں نے پیرحمیدالدین سیالوی کی وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کے بعد استعفے واپس لے لئے تھے۔ علاوہ ازیں عمران خان اور پاکستان میں افغان سفیر کے مابین جمعہ کو ٹیلیفونک رابطہ ہوا عمران خان نے افغان صدر کی جانب سے طالبان سے بات چیت کے آغاز کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ متحارب فریقین کے مابین بات چیت کے علاوہ کوئی چارہ نہیںپرامن افغانستان، پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے قیامِ امن کے حصول کیلئے ہر سطح کی کوشش کی جانی چاہئے انہوں نے افغان صدر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا ، جبکہ صدر اشرف غنی کے فیصلے کی تائید پر افغان سفیر نے چیئرمین تحریک انصاف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ افغان حکومت چیئرمین تحریک انصاف کے جذبہ خیر سگالی کوقدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ، ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی عابدہ راجہ نے تحریک انصاف ممبر سازی مہم میںاسلام آباد میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی پارٹی چیئرمین عمران خان کی جانب سے بہترین کارکردگی پر مبارکباد اور تعریفی سند دی گئی ،اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنما اور ایم این اے اسد عمر بھی موجود تھے ۔